اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدارآمد یقینی بنائے: عارف علوی

182

اسلام آباد، 5 فروری (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدارآمد یقینی بنائے اور مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے فیکٹ فائنڈنگ کمیشن تشکیل دے-

ایوان صدر میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  نے کہا کہ انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ نے بھارتی مظالم کا پردہ چاک کیا ، بھارت مقبوضہ کشمیر کے تمام سیاسی قیدیوں کو رہا ،آتشیں اسلحے اور نہتے کشمیریوں پر پیلٹ گنز کا وحشیانہ استعمال بند، مقبوضہ وادی میں کالے قوانین فوری ختم ، حریت قیادت کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے، بھارت انسانی حقوق کے عالمی مبصرین کےلئے کشمیر کے راستے کھولے اوربھارت عالمی اور سوشل میڈیا کےلئے کشمیر پر سے پابندی ختم کرے،کشمیر کے معاملے میں بھارتی آئین کے آرٹیکل 370کی کوئی اہمیت نہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کی جدوجہد خودارادیت کو خون کا رنگ دیا،بھارت جتنی کوشش کر لے کشمیریوں کی آواز دبا نہیں سکتا،تمام تر مظالم کے باوجود کشمیریوں کا جذبہ حریت بڑھا ہے، پرامن جدوجہد آزادی کو طاقت کے استعمال سے دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، پاکستان نے مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر اعتمادکیا، کشمیر آج بھی تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے،کشمیر پاکستان کی شہ رگ، آج بھی اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں، بھارت مقبوضہ وادی میں اجتماعی عصمت دری کو آلہ کار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، گزشتہ چند دہائیوں میں مقبوضہ وادی میں ہزاروں شہادتیں ہوئیں، مقبوضہ کشمیر پر تسلط قائم رکھنے کےلئے پیلٹ گنوں کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سیکورٹی فورسز معصوم کشمیریوں پر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔

اے پی پی/ عمار برلاس/شاہ زیب

سورس: وی این ایس اسلام آباد