لندن ، 04 فروری (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کےانسانی حقوق کمیشن کی حالیہ رپورٹس نےنہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر دیا ہے ۔ خوشی ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ کے ممبران میں بھی کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے خاصی تشویش پائی جاتی ہے۔
کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس لندن کے حوالے سے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے وزیر خارجہ مخدوم نے کہا کہ کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس کے ذریعے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ نے کی کوشش کریں گے تاکہ نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا یہ سلسلہ بند ہو سکے ۔ سینٹ کی پارلیمانی کمیٹی برائے امور خارجہ کے ساتھ مل کر ہم لندن میں مظلوم کشمیری بھائیوں کا مقدمہ لڑنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دفعہ ہم لندن میں انٹرنیشنل کشمیر کانفرنس کا انعقاد کر رہے ہیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کی 30 اکتوبر کو جاری ہونے والی رپورٹ میں کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے چشم کشا انکشافات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے مسئلے پر اور پاکستان کی ترجیحات پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کا موقف ایک ہے اور یومِ یکجہتی کشمیر اس سال پورے پاکستان میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔
اے پی پی /حمزہ رحمٰن/شاہ زیب
وی این ایس لندن