جنوبی پنجاب کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے:وزیر اعظم عمران خان

359

اسلام آباد،23فروری(اے پی پی ):وزیر اعظم عمران خان نے کہا  ہے کہ جنوبی پنجاب کی عوام کا احساس محرومی دور کرنا اور علاقے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  کے ہمراہ حلقہ پی پی 218 سے تعلق رکھنے والے ممتاز سیاستدان ملک ظفر راں سے ملاقات میں  وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم نہ صرف عوام کو صحیح معنوں میں بااختیار بنائے گا بلکہ عوام کی ضرورتوں کے مطابق ترقیاتی عمل کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔

بنی گالہ میں ہونے والی ملاقات میں  ملک ظفر راں نے  پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے  وزیر اعظم عمران خان کی قیادت اور وژن  پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں کی جانب سے جنوبی پنجاب کو نظر انداز کیے جانے کی پالیسی نے  پس مانندگی ، غربت اور محرویوں کو جنم دیا۔ جنوبی پنجاب کی عوام پاکستان تحریک انصاف کو نجات دہندہ کے طور پر  دیکھتی ہے جس نے ملکی سیاست پر دو جماعتی پارٹیوں کے تسلط کو ختم کرکے نئی سوچ دی۔

 وزیر اعظم نے ملک ظفر راں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پارٹی منشور کو عملی جامہ پہنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

اے پی پی /ظہیر/حامد

سورس:وی این ایس ، اسلا م آباد