سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے وزیرخارجہ کی خصوصی گفتگو

299

اسلام آباد، 17 فروری ( اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کےدرمیان  تعلقات نے نئی نوعیت اختیار کی ہے، پندرہ سال بعد سعودی عرب کا اعلی سطح کا وفد پاکستان آرہاہے۔

نور خان ائیربیس  پرسعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے حوالے سے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوۓ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات ہیں۔ گزشتہ حکومت کے ادوار میں تعلقات سرد مہری کا شکار ہوئےالبتہ ہماری حکومت  نے تعلقات کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کو دوبارہ استوار کرنے کی کوشش کی۔انہوں نےکہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے یکے بعد دیگرے دو دوروں سے تعلقات بحال ہوئے۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ سعودی وفد کی آمد کے بعد آج سپریم کوارڈینیشن  کونسل کا اعلان ہوگا اور اس کا پہلا اجلاس بھی ہوگا۔ یہ سپریم کوآردینیشن کونسل پاک- سعودیہ تعلقات کا رخ موڑ دے گی۔سیاسی تعلقات کے علاوہ ایک مثالی دوطرفہ اقتصادی شراکت داری بھی قائم ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جن سرمایہ کاری ایم او یوزپر دستخط ہونگے اس سے دونوں ملک ایک نئے دور میں داخل ہونگے عوام کی سہولت کیلئے سعودی عرب نے ویزہ فیس کم کی ہے۔اس سے سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت ملے گی۔اسی طرح پاکستان نے بھی اپنے ویزوں کو آسان بنایا ہے۔انکا کہنا تھا کہ سعودی بھی جب پاکستان آئیں گے تو انہیں آمد پر ویزہ مل جائے گا۔اس سے کاروبارکرنے میں آسانیاں پیدا ہونگی جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

اے پی پی /حمزہ رحمٰن/حامد

وی این ایس،اسلام آباد