صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہدآزادی جاری رکھنے کا عزم

240

اسلام آباد، 05 فروری (اے پی پی): صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کی طویل فہرست ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ آپ کی آزادی اور حق خودارادیت تک اپنی سیاسی اور سفارتی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

یوم یکجہتی کشمیر  کے موقع پراپنے ویڈیو پیغام میں  صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارتی قابض افواج چن چن کر کشمیری نوجوانوں کو قتل کر رہی ہے،پیلٹ گن کے استعمال سے ہزاروں افراد بینائی سے محروم ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سیاسی کارکنوں اور قائدین کو غیر قانونی طور پر قید رکھا جا رہا ہے ۔مقبوضہ کشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں کی طویل فہرست ہے جسے اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں مرتب کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کی یہ رپورٹ ہندوستان کے خلاف فرد جرم بھی ہے۔

سردار مسعود خان  کا کہنا تھا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو کہنا چاہتے ہیں جو قیامت آپ پر ڈھائی جا رہی ہے ہم اس کا مکمل ادراک رکھتے ہیں، آپ کی تکلیف ہماری تکلیف ہے، آپ کا درد ہمارا درد ہے۔ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان ،آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر ایک ہی جسم کے مختلف حصے ہیں اور جب تک ہمارا مقصد پورا نہیں ہو جاتا ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

اے پی پی/ احسن/حامد

وی این ایس، اسلام آباد