اسلام آباد، 26 فروری (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح وبہبود اور غربت کا خاتمہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کی اولین ترجیح ہے،اصل ترقی تب ہی ممکن ہے جب زیادہ سے زیادہ لوگوں کو غربت کی سطح سے اوپر لایا جائے۔
وزیراعظم نے منگل کے روز تخفیف غربت رابطہ کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کسی بھی حکومت نے غریب کے لئے نہیں سوچا جبکہ ہماری جماعت عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اقتدار میں آئی ہے۔
اجلاس میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے غربت میں کمی کے حوالے سے پلاننگ اور لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں غربت کے خاتمے کے لئے زیر غورمالی ،انتظامی اور قانونی اصلاحات پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہر ٹارگٹ کے لئے وقت مختص کیا جائے تاکہ کوئی تاخیر نہ ہو،اس پروگرام کے نتائج دیکھ کر پرائیویٹ سیکٹر بھی اس میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ تمام وزارتیں بشمول منصوبہ بندی ،تعلیم، صحت، خزانہ اورہاﺅسنگ مربوط طریقے سے اس پروگرام کو آگے بڑھائیں۔
اجلاس میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر صحت عامر محمود کیانی، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار ، وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، وزیراعظم کے مشیران عبدالرزاق دائود، محمد شہزاد ارباب، ڈاکٹر عشرت حسین ، معاونین خصوصی نعیم الحق، افتخار درانی، ندیم افضل گوندل، یوسف بیگ مرزا، ایم ڈی بیت المال عون عباس بپی اور سینئر افسران نے شرکت کی-
اے پی پی/ عمار برلاس(21:32)/حامد(21:34)
وی این ایس اسلام آباد