شارجہ،24فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چناؤ کے لئے مودی سرکار نے پورے خطہ میں جنگ کی کیفیت پیدا کر دی ہے،ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔
جنوبی ایشیا کے وزرائے ریلوے کانفرنس میں شرکت کے لئے متحدہ عرب امارات میں موجود شیخ رشید احمد نے شارجہ کرکٹ گراؤنڈ پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ جنگ شروع بھارت کرے گا تو اسے مٹا کر رکھ دیں گے،تمام اگلے پچھلے حساب پورے کریں گے۔پلوامہ حملہ میں بارود بھارت کا،کرنے والے بھارتی، پھر بھی عمران خان نے تحقیقات کی پیشکش کی۔مودی سرکار کی اپنی حماقتوں سے دنیا میں کشمیر کا کیس پھر زندہ ہوا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہمیں تنہا کرنے کے دعویداروں چین ہمارے ساتھ، سعودیہ ہمارے ساتھ ہے،عرب امارات پاکستان آ رہا ہے، ہم کیسے تنہا ہوئے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ شارجہ کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان سپر لیگ کامیچ دیکھنے آیا ہوں ،پی ایس ایل اب پاکستان میں ہونا چاہئے۔
اے پی پی /ظہیر/حامد
سورس:وی این ایس ،شارجہ