ہم پانچ فروری کو یوم کشمیر کیوں مناتے ہیں؟

919

اسلام آباد، 04 فروری  (اے پی پی): ہر سال پانچ فروری کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں یوم کشمیر اس لئے منایا جاتاہے تاکہ دو لاکھ، بائیس ہزاردو سو چھتیس مربع کلومیٹر وسیع مقبوضہ جموں و کشمیر کے ایک کروڑ پچیس لاکھ انسانوں کی حالت زار سے دنیا کو آگاہ کیا جاسکے۔

کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کرنے والوں میں نوجوانوں اور عام کشمیریوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی نظیر ماضی میں نہیں ملتی۔ آزادی کی جدوجہد میں نوجوانوں کو شرکت پر آمادہ کرنے کا سہرا بھارت کے سر ہے جس نے نہ بوڑھوں کو معاف کیا نہ نوجوانوں کو۔ حالیہ احتجاج کے جواب میں بھارتی فورسز نے بچوں کو بھی نہیں بخشا۔بھارت میں انتہاپسند بی جے پی کی موجودہ حکومت نے کشمیر میں ظلم وبربریت کے تمام حربے آزما کر دیکھ لئے لیکن کشمیریوں کا جواب واضح ہے۔مسلح بھارتی فوج کے محاصرے میں گھرے ہوئے نہتے کشمیریوں کے لئے خدا کے بعد پاکستان امیدوں کا مرکز ہے۔

برہان وانی کی شہادت کے بعد جب اہل کشمیر کا غیض وغضب آسمان کی بلندیوں کو چھو رہا تھا  تو بھارت نے پوری وادی کو کرفیو کی زنجیروں میں جکڑ کر یہ آواز دبانے کی کوشش کی۔اس لئے پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال پانچ فروری کو یوم کشمیر منایا جاتاہے تاکہ آپ بھول نہ جائیں کہ بھارتی ظلم کے پنجوں میں جکڑے ہوئے کشمیری انصاف کی دہائی دے رہے ہیں۔

اے پی پی/ احسان/ نورین

وی این ایس اسلام آباد