ملک بھر میں دس ارب پودے لگائیں جائیں گے،  چترال میں بھی چودہ لاکھ پودے لگائے جارہے ہیں، ڈی ایف او شوکت فیاض

0
221

 

چترال،   22 مارچ   (اے پی پی):  ملک کے دیگر حصوں کی طرح چترال میں بھی شجرکاری مہم کا آغاز کردیا گیا۔ اس سلسلے میں چترال ائیر پورٹ کے قریب ایک تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر چترال خورشید عالم محسود مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل فارسٹ آفیسر شوکت فیاض نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں دس ارب پودے لگار ہی ہے جس میں صوبائی حکومت کی ہدایت پر چترال میں بھی امسال 400 ہیکٹر زمین پر پودے لگائیں جائیں گے۔ جس میں چار لاکھ پودے محکمہ جنگلات کے اہلکار لگائیں گے اور دس لاکھ پودے عوام میں مفت تقسیم کئے جائیں گے۔ یہ مہم اپریل تک جاری رہے گا تاکہ ہدف پورا ہوسکے۔

ڈی ایف او نے کہا کہ ان پودوں میں دیار، روبینہ، سفیدہ، ویلو، الائیچی اور پھل دار پودوں کے ساتھ ساتھ پھول دار پودے بھی شامل ہیں۔

 ڈپٹی کمشنر نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں کیونکہ کوئی بھی مہم عوام کی تعاون کے بغیر کامیاب نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے بھی پودوں کی اہمیت پر زور دیا ہے اور ہر سال جنگلات کا عالمی دن بھی منایا جاتا ہے۔ قدرتی آفات سے بچنے کا واحد ذریعہ یہ ہے کہ ہم چترال میں زیادہ سے زیادہ پودے لگائیں تاکہ سیلاب کی صورت میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان سے بچ سکیں۔

ڈی ایف او چترال نے کہا کہ چترال میں زیادہ تر لوگ کھانا پکانے اور خود کو سردی سے بچانے کیلئے لکڑی جلاتے ہیں اس سے جنگلات پر بہت بوجھ بڑھ رہا ہے اور جنگلات میں بڑی تیزی سے کمی آرہی ہے چترال کے عوام کو چاہئے کہ اپنے منتحب نمائندوں کے ذریعے اسمبلی کے فلور پر آواز اٹھائیں تاکہ حکومت چترال کے لوگوں کو سستی بجلی فراہم کرے جسے لوگ کھانا پکانے اور گرمائش کیلئے استعمال کرسکیں اور یوں جنگلات پر بوجھ کم پڑے۔ اس کے علاوہ چترال کے لئے درخت اتنے ضروری ہے جتنی انسان کیلئے آکسیجن کیونکہ پودے کاٹنے کی صورت میں یہاں سیلاب آتے ہیں اور سیلاب سے بہت بڑے پیمانے پر نقصان ہوتا ہے۔ لہذا لوگوں کو متبادل توانائی دینا بہت ضروری ہے تاکہ ہم جنگلات کو بچاسکیں۔

جمیل احمد کمیونٹی ڈیویلپمنٹ آفیسر نے کہا کہ ہم شجرکاری مہم میں مقامی لوگوں کو بھی شامل کرتے ہیں جب ہم کوئی پلانٹ لگاتے ہیں تو اسے پھر مقامی لوگوں کے حوالے کرتے ہیں تاکہ وہ اسے اپنا سمجھ کر کامیاب کریں۔

آخر میں ڈی سی چترال، اسسٹنٹ کمشنر عالمگیر خان، چترال سکاﺅٹس کے میجر عثمان، ضلع نائب ناظم مولوی عبد الشکور، ڈی ایف او جنگلی حیات محمد حسین، مقامی ناظمین، کونسلرز اور سکول کے طلباءنے بھی پودے لگاکرشجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کیا اور سکول کے بچوں سے پودے لگوائے تاکہ بچوں میں پودوں کی اہمیت اجاگر ہوسکے۔ شجرکاری مہم کے تقریب میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی آخر میں ان پودوں کی کامیابی کیلئے دعا بھی مانگی گئی۔

وی این ایس چترال