اسلام آباد، 22 مارچ (اے پی پی): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے دوران اپنے ہم منصب ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف سے خصوصی ملاقات کے دوران کہا ہے کہ ایران سمیت خطے کے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات میں بہتری ہماری حکومت کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیحات میں سے ہے، مغربی دنیا میں اسلام کے خلاف بڑھتی ہوئی جنونیت کے خلاف پاکستان ایران اور ترکی کو مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے۔
اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے اسلام کے خلاف بڑھتی ہوئی جنونیت کے حوالے سے او آئی سی ہنگامی اجلاس میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی طرف سے اٹھائے گئے نکات کی توثیق کی اور اس سلسلے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ ایران دونوں ممالک کے باہمی تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
ملا قات میں پاک ایران تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا اوردونوں وزرائے خارجہ نےکثیرالجہتی شعبہ جات میں پاک ایران باہمی تعاون کے فروغ کے لئے دوطرفہ روابط بڑھانے پر اتفاق کیا۔
جواد ظریف نے ایران کے چار لاپتہ فوجیوں کی بازیابی پر، پاکستان کی افواج اور حکومت پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
وی این ایس استنبول