اسلام آباد،11 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے غربت کے خاتمہ اور معاشی ترقی کے لئے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے پروگرام کو حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی سوچ گزشتہ حکومتوں سے الگ ہے، تخفیف غربت کے لئے کم لاگت گھروں کی تعمیر اسی سوچ کا ایک اہم جزو ہے-
پیر کے روز سٹیٹ بینک کی کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کے لئے فنانس پالیسی کے اجراء کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا اسٹیٹ بینک کی طرف سے کم لاگت کے گھروں کی تعمیر کے لئے قرض کی فراہمی میں دی جانے والی مراعات ایک بڑا قدم ہے، اس منصوبے سے تقریباً 40 متعلقہ تعمیراتی صنعتیں فعال ہوں گی، روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے، معیشت ترقی کرے گی، حکومت شہروں کے پھیلائو کی بجائے کثیر المنزلہ عمارات کی تعمیر کو ترجیح دے رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کم لاگت والے گھروں کی فنانسنگ کے لئے مراعات دینے پر گورنر اسٹیٹ بینک کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی سوچ پرانی حکومتوں سے مختلف ہے، پہلے سوچ بدلتی ہے اور پھر اس کے مطابق عمل کیا جاتا ہے، جب سے ہماری حکومت اقتدار میں آئی ہے ہماری کوشش رہی ہے کہ ایسی پالیسیاں بنیں جس سے ملک کے نچلے طبقے کو اوپر لایا جا سکے اور غربت کا خاتمہ ہو سکے۔
تقریب سے وزیر خزانہ اسد عمر، گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ نے بھی خطاب کیا۔
سورس: وی این ایس،اسلام آباد