وفاقی وزیر اطلاعات سے گورنر سندھ کی ملاقات،سندھی ثقافت کےفروغ کےلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق

229

اسلام آباد،06مارچ(اے پی پی ): وفاقی وزیراطلاعات چوہدری فوادحسین  سے گورنر سندھ عمران اسماعیل  نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی جس کے دوران دونوں رہنماؤں نے  ملکی ثفافت کے فروغ کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیا  اور  صوبہ سندھ کے میلوں اور ثقافت کے فروغ کیلئے مل کرکام کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقا ت کے دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل  نے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور ملکی ثقافتی رنگوں کو دنیا کے سامنے لانے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے کہا کہ چوہدری فوادحسین محنت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، ملکی ثقافت کے فروغ سے متعلق انکی سوچ لائق تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی  ثقافت کو دنیا میں پیش کرکے پاکستان کا حقیقی چہرہ اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری  نے کہا کہ وفاق پاکستان کے خوبصورت رنگوں کو نمایاں کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ کی خوبصورت ثقافت خطے اور دنیا بھر میں منفرد مقام رکھتی ہے۔سندھی ٹوپی اور اجرک دنیا میں پاکستان کی شناخت بن رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں کی ثفافتوں کو سامنے لانے کیلئے جامع حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔

وی این ایس ، اسلام آباد