اسلام آباد/گھوٹکی ، 30 مارچ (اے پی پی): وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن اور لوٹ مار کو بے نقاب کرنے کا مشن پاکستان تحریک انصاف اور اسکی اتحادی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ تھا۔ ہم اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔
یہ بات انہوں نے ہفتہ کو گھوٹکی کے دورہ کے موقع پر علی محمد گوہر کی رہائشگاہ پر پاکستان تحریک انصاف سندھ کی اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی اور سینئر قیادت سے ملاقات کے دوران کہی ۔ملاقات کے دوران سندھ کی مجموعی صورتحال، اتحادی امور اور سندھ کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وفاق کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بات چیت ہوئی۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ کرپشن اور لوٹ مار کو بے نقاب کرنے کا مشن پاکستان تحریک انصاف اور اسکی اتحادی جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ تھا۔ ہم نے مل کر اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔سندھ کے عوام کی غربت کی وجہ وسائل کی کمی نہیں بلکہ بے لگام کرپشن ہے جس نے صوبے کی عوام کو غربت کی دلدل میں دھکیلا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کے لئے اداروں کو تباہ کیا گیا اور عوام کے پیسے سے اپنی ذاتی تجوریاں بھری گئیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے جس منشور پر اتحادی جماعتوں نے لبیک کہا ہم نے ملکراس ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ عوامی نمائندگان عوام کے مسائل کی نشاندہی اور انکے حل میں متحرک کردار ادا کریں۔ وفاقی حکومت سندھ کے عوام کے مسائل کے حل میں ہر ممکنہ تعاون کرے گی۔
سورس: وی این ایس، گھوٹکی