اسلام آباد، 18 مارچ ( اے پی پی): بیلا روس نیوز ایجنسی بیلٹا کی ڈائریکٹر جنرل اور سفیر نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر چوہدری فواد نے کہا کہ وزارتِ اطلاعات اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے قوموں کے مابین تعلقات مزید مضبوط ہوتے ہیں۔ پاکستان اور بیلاروس کے آپس میں دوستانہ تعلقات قائم ہیں،ثقافت اور اطلاعات کے شعبوں میں ان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے خواہاں ہیں۔
وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ فنکاروں، گلوکاروں، موسیقاروں، ڈانسرز اور آرٹسٹوں کے تبادلوں سے دونوں ملکوں کی ثقافت اور اقدار کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔وفود کے تبادلوں سے عوامی روابط بھی مزید مستحکم ہوں گے۔ پاکستان سیاحت کے لیے پر امن اور خوبصورت ملک ہے۔ بیلاروس کے سیاح پاکستان کے خوبصورت شمالی علاقہ جات سے لطف اندوز ہوں گے۔ پاکستان ایک جدید جمہوری ریاست ہے جہاں سول سوسائٹی متحرک اور میڈیا کو بے مثال آزادی حاصل ہے۔
بیلا روس نیوز ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل نے وزیر اطلاعات کا پاکستان بیلاروس کے تعلقات پر مبنی 25سالہ سفارتی دوستی کی تصویری نمائش میں شرکت کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ تصویری نمائش کے ذریعے بیلاروس کے کلچر، کامیابیاں اور لوگوں کو سمجھنے میں مزید مدد ملے گی۔ بیلاروس کا صدر پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
بیلاروس کے سفیر کا کہنا تھا کہ ہمارے صدر دو طرفہ تعلقات کو دونوں ملکوں کی عوام کی بہتری کے لئے مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد