پاکستان اور لکسمبرگ کے وزراء خارجہ کا دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ پر اتفاق

201

اسلام آباد 07 مارچ (اے پی پی):لکسمبرگ کے وزیر خارجہ جین ایزلبورن نے آج  ،وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ ملاقات  میں دو طرفہ تعلقات، تجارت کے فروغ اور خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے لکسمبرگ کے وزیر خارجہ کو پہلی مرتبہ دورہ پاکستان پر خوش آمدید کہتے ہوۓ کہا کہ  پاکستان یورپ یونین ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید بڑھانا چاہتا ہے۔

 شاہ محمود قریشی نے مہمان وزیر خارجہ کو پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے بھرپور مواقعوں سے آگاہ کیا اور  کہا پاکستان یورپ کی منڈیوں میں کاروباری سرگرمیوں کو مزید بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔

وزیر خارجہ نے خطے کی تازہ ترین صورتحال پر گفتگو کرتے ہوۓ جین ایزلبورن کو بتایا کہ پلوامہ واقعہ کے بعد پاکستان کی طرف سے تحقیقات کی یقین دہانی کے باوجود بھارت نے دراندازی کی۔انہوں نےکہا کہ پاکستان خطے میں امن و امان کا خواہاں ہے اور ہم کشیدگی کے خاتمے کیلئے ہندوستان کو ہر سطح پر مذاکرات کی دعوت دے چکے ہیں۔ بھارت کی طرف سے جارحانہ اقدام کے باوجود،  تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے  جذبہ خیر سگالی کے تحت بھارتی پائلٹ کو ہندوستان کے حوالے کیا۔

جین ایزلبورن نے پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کئے گئے اقدامات اور امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے انعقاد میں سہولت کاری تعاون پر پاکستان کی تعریف کی۔

لکسمبرگ کے وزیر خارجہ نے پاکستان کے معاشی روابط کو مزید بڑھانے کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کا خیر مقدم کیا۔

 دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تجارتی اقتصادی، تعلیمی و سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ اور دونوں ممالک کے مابین وفود کے تبادلوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔

بعد ازاں پاکستان اور لگسمبرگ کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوۓ۔

سورس: وی این ایس ، اسلام آباد