لاہور،2 مارچ(اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے،آج متحد پاکستان کا مقابلہ تقسیم شدہ ہندوستان کے ساتھ ہے،تمام سیاسی جماعتوں نے اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر اتحاد کا مظاہرہ کیا اور ساری پارلیمان نے کھڑے ہو کر حکومتی پالیسی پر اعتماد کیا،تین جنگیں لڑ چکے ہیں اور چوتھی بھی لڑ لینگے لیکن ہم خطے میں امن چاہتے ہیں،کل کے اقدام سے وزیر اعظم نے پیغام دیا ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں اورساری دنیا نے ہمارے موقف کی حمایت کی ہے، سعودی عرب، ترکی، ایران اور قطر سمیت دیگر کئی ممالک ہماری پشت پر کھڑے ہیں،وزیر اعظم نے سعودی عرب میں پاکستان کی پالیسی بیان کی تھی کہ ہم افغانستان کو مستحکم اور بھارت سے نارمل تعلقات چاہتے ہیں۔
وزیر اطلاعات و نشریات ہفتہ کے روز ایکسپو سینٹر میں سپیئریئر یونیورسٹی کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کر رہے تھے۔ ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل کتنا روشن ہے کہ ہماری 64 فیصد آبادی 35 سال سے کم ہے لیکن اس کے باوجود ہم جنگ میں دلچسپی نہیں رکھتے،اس وقت جوش سے زیادہ ہوش کی ضرورت ہے،ہر سال لاکھوں طلباءڈگریاں حاصل کر رہے ہیں ، ان کو روزگار اور مضبوط معیشت حکومت نے مہیا کرنا ہے اور اس کیلئے ہمیں گرو ریٹ کو 6 اور 7 پر لیکر جانا ہے ورنہ بیروزگاری میں اضافہ ہوگا اسی لئے ہم جنگ کے حامی نہیں۔انہوں نے کہا کہ کل حکومت نے جو اقدام اٹھایا اس سے ظاہر ہے کہ ہماری ترجیحات کیاہیں‘ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی عرب میں جو ویژن دیاتھا کہ ہم افغانستان کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں اور بھارت کے ساتھ نارمل تعلقات چاہتے ہیں کیونکہ جب بھی افغانستان میں حالات خراب ہوتے ہیں تو پاکستان میں بھی حالات خراب ہو جاتے ہیں جس سے پختونوں کا نقصان ہوتا ہے اوراگر بھارت کے ساتھ حالات خراب ہوتے ہیں تو وہاں کشمیری اور پنجابیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ہمارے دل ساری قومیتوں کیلئے دھڑکتے ہیں اسی لئے آج پاکستان متحد ہے جبکہ ہندوستان تقسیم ہو چکاہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بھارت کو پیغام دیا ہے کہ اپنا مائندسیٹ بدلیں اور سوچیں کہ پلوامہ جیسا سانحہ کیوں ہوا ، وفاقی وزیر نے کہاکہ بھارت کشمیر کو ایک علاقہ کے طور پر دیکھتا ہے جبکہ ہماراکشمیریوں سے خون کارشتہ ہے، کشمیر کیلئے ہم نے تین جنگیں لڑیں، کشمیر میں ظلم ہوتاہے تو اس کا درد ہمیں محسوس ہوتا ہے، اس لئے اس مسئلے کا حل کرنا پڑیگا اس کے بغیر ہم آگے نہیں جاسکتے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے، ہزاروں بچے مختلف جامعات سے پڑھ کرفارغ التحصیل ہو رہے ہیں، حکومت کو انہیں روزگار بھی دینا ہے، پاکستان کو اپنے نوجوانوں پر فخر ہے، پاکستان کا مستقبل آپ جیسے پڑھے لکھے نوجوان ہیں، اگر آپ کا مستقبل روشن ہے تو پاکستان کا مستقبل بھی روشن ہو گا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، چیئر مین سپیئریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن، ریکٹر یونیورسٹی ڈاکٹر سمیرا رحمان ، فیکلٹی ممبران ، طلباءو طالبات اور والدین کی کثیر تعداد موجود تھی
اے پی پی/لاہور ( 19:35)/فاروق (19:42)
وی این ایس، لاہور