کامیاب پالیسیوں کی  بدولت پاکستان کو “سکیورٹی سٹیٹ” کے  بجائے دنیا کے لئے” اوپن سٹیٹ ” بنا دیا ہے ،چوہدری فواد حسین

243

اسلام آباد ، 27 مارچ (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی کامیاب پالیسیوں نے پاکستان کو “سکیورٹی سٹیٹ” کے  بجائے دنیا کے لئے” اوپن سٹیٹ ” بنا دیا ہے ۔

پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (آئی پی آر آئی ) کے زیر اہتمام “ہائبرڈ وار فیئر اینڈ پاکستان ریڈی نیس” کے موضوع پر ایک روزہ میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلا ت و نشریات کا کہنا تھا  کہ پاکستان کے لئے پلوامہ وہ پہلا ٹیسٹ کیس تھا جس میں بھارت کو “آﺅٹ کلاس” کیا گیا ، حکومت اور پاک فوج کی مربوط کوششوں کے باعث پہلی مرتبہ بھارت کو عالمی رائے عامہ میں تنہا ہونا پڑا، وزیراعظم عمران خان شروع سے ہی امن اور بات چیت پر زور دیتے رہے، پوری دنیا نے یہ تسلیم کیا کہ پاکستان کا بیانیہ درست اور بھارت کا بیانیہ غلط ہے۔

 چوہدری فواد حسین  نے بتایا  کہ  پہلی مرتبہ وزارت اطلاعات و نشریات کو” سٹیٹ ٹول ” بنانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں، دنیا بھر کے میڈیا میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ رہا ہے، میڈیا ٹیکنالوجی میں ہائبرڈ وار فیئر جدید پراپیگنڈے کا نام ہے ،جدید دور کی جنگیں بھی میڈیا کے ذریعے لڑی جا رہی ہیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کو عالمی میڈیا کیلئے اپنے دروازے کھولنے کی ضرورت ہے، چاہتے ہیں عالمی میڈیا پاکستان آئے اور اصل تصویر دنیا کے سامنے پیش کرے۔ انہوں نے کہا کہ موجود حکومت نے بین الاقوامی میڈیا کو پاکستان لانے کے لئے اقدامات اٹھانے شروع کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے اسلام آباد میں بین الاقوامی میڈیا کے دفاتر کا قیام شروع ہو چکا ہے ،آنے والے دنوں میں دیگر بین الاقوامی میڈیا بھی اسلام آباد کا رخ کرے گا ۔

وفاقی وزیر  نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنا پیغام پہنچانے کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کیا، پی ٹی آئی کا موثر طریقے سے اپنا پیغام پہنچانا مضبوط نظریے کی وجہ سے ممکن ہوا۔

چوہدری فواد حسین  نے کہا کہ کوشش ہے کہ رواں سال میں ریاستی میڈیا میں اصلاحات مکمل کر کے ریاستی میڈیا کو جدید ترین میڈیا بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا نظریہ مضبوط ہے جس کی وجہ سے مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں، اپنا بیانیہ موثر انداز میں پیش کرنے کیلئے میڈیا اصلاحات ضروری ہیں۔

وفاقی  وزیر نے بتایا  کہ  ویزہ رجیم مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے  اور  غیر ملکی سیاحوں کے لئے این او سی کی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔

سورس : وی  این ایس، اسلام آباد