وزیراعلی سندھ نے بچی نشوی کی عیادت کی، بچی کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

0
40

کراچی17 اپریل (اے پی پی): وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے آج لیاقت نیشنل اسپتال میں جاکر غلط انجیکشن لگانے کے باعث حالت خراب ہوجانے والی بچی نشوی کی عیادت کی اور ڈاکٹروں سے بچی کی صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں،وزیراعلی سندھ نے ڈاکٹروں کو بچی کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعلی سندھ نے میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسپتال متاثرہ بچی نشوی کو دیکھنے اور اس کی عیادت کے لیےآئے ہیں، بچی کا علاج ملک میں ہو یا بیرون ملک ہم بچی کا علاج کرائیں گے، ملوث عناصر کے خلاف ایکشن لیا جائے گا اور معاشرے میں ایسے اسپتالوں کو مناسب طریقے سے ریگولیٹ کرنا چاہیے ،سندھ حکومت نے ہیلتھ کیئر کمیشن بنایاتھا اور اس میں جو کو تاہیاں رہ گئیں ہیں انہیں درست کیاجائیگا۔

وزیرا علی سندھ نے کہا کہ مجھے پولیس کے مجرمانہ رویہ اور بے حسی پر افسوس ہوا ہے، میں دو دن سے انتظار کررہا تھا کہ پولیس خود کارروائی کرے گی کیونکہ پولیس آزاد ہے لیکن افسوس ہے کہ صرف ٹی وی کے ٹکرز کی حد تک ایکشن ہوا، آج جب میں نے معلومات حاصل کیں کہ اب تک کی جانے والی کارروائی سے متعلق رپورٹ دیں تو پولیس نے مجھے آج ایک خط دیا کہ پولیس نے ایکشن لیا ہے  ، جن لوگوں نے ایکشن نہیں لیا ہے ان کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی حکومت 2008 میں جب اقتدار میں آئی تو اس وقت حالات بہت خراب تھے اور امن و امان کی صورتحال مخدوش تھی اور صوبہ بھر میں لوگوں کے جان و مال محفوظ نہیں تھے، مگر ہم نے سخت محنت اور پولیس ، رینجرز ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور آرمی کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر اور شہادت پا کر صوبہ میں امن و امان کو بحال کیا۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ حزب اختلاف کی عدالت جانے کی دھمکیوں کی وجہ سے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، صوبہ کے لوگوں کے جان و مال کا تحفظ سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے اور اسے ہم ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے ،ہمارا بنیادی مقصد صرف اور صرف امن وامان کو بحال رکھنا ہے، ہیلتھ کیئر کمیشن کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے سے نہیں روکا گیا ہے بلکہ دو ڈاکٹروں پر مشتمل کمیٹی بنائی گئی ہے اور اس نے اپنا کام شروع کردیاہے۔

اس موقع پر صوبائی مشیر قانون مرتضی وہاب بھی وزیراعلی سندھ کے ہمراہ تھے۔

سورس:وی این ایس  کراچی