چترال، 23 اپریل (اے پی پی): وائس چیف ایئر سٹاف ائیر مارشل عاصم ظہیر صدر ونٹر سپورٹس فیڈریشن آف پاکستان نے جنت نظیر وادی مڈگلشٹ میں ہندوکش ونٹر سپورٹس سکول کا افتتاح کیا۔ اس سلسلے میں دروش چھاﺅنی چترال سکاﺅٹس کے دفتر میں ایک سادہ مگر وقار تقریب بھی منعقد ہوئی۔
وائس چیف ایئر سٹاف ائیر مارشل عاصم ظہیر نے خطاب میں کہا کہ ہمارا ملک بہت خوبصورت ہے یہاں ہم نے سڑکیں بنانا ہے ، سیاحوں کو مدعو کرنا ہے اگلے سال جو سنو سکینگ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا ان کو ملک سے باہر بھی بھیجیں گے۔ گلگت بلتستان سے کریم اور عباس پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں اور بیرون ملک میں بھی وہ سنو سکینگ میں پاکستان کا نام روشن کرتے ہیں، آپ بھی ان کی طرح بن سکتے ہیں اور پاکستان کیلئے آپ نے میڈل ضرور لانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرانس میں مجھے بتایا گیا کہ سب سے اونچی جگہ پر جانا ہے اس کی اونچائی صرف تیرہ ہزار فٹ بلند تھی میں نے کہا کہ ہم چترا ل میں اتنے بلندی پر پولو میچ کھیل رہے ہیں۔
انہوں نے مڈگلشٹ سے تعلق رکھنے والے بچوں میں Kit پر مبنی بیگ تقسیم کئے جن میں سنو سکینگ کا سامان موجود تھا۔
قبل ازیں شہزادہ احتشام الملک نے ان کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مڈگلشت میں سنو سکینگ 1928 سے شروع ہوا ہے جہاں برٹش ائر فورس اور برٹش آرمی کے چند افسران مڈگلشٹ میں جاکر سنو سکینگ کر رہے تھے اس کے بعد مقامی لوگوں نے اس کھیل کو اپنی مدد آپ کے تحت زندہ رکھا اور پچھلے سال پاکستان ائیر فورس کی مدد سے باقاعدہ طور پر پہلی بار منظم انداز میں یہ کھیل کھیلا گیا جس میں تین سو سے زیادہ کھلاڑیوں نے حصہ لیا اور اب اس علاقے میں ہندوکش ونٹر سپورٹس سکول کے آغاز سے اس کھیل کو مزید تقویت ملے گی اورسیاحت کو فروغ ملنے سے علاقے کی معیشت پر نہایت اچھے اثرات پڑیں گے اور یقینی طورپر اس علاقے سے غربت کے خاتمے میں یہ سکول کلیدی کردار ادا کرے گا۔
ان کو ہندوکش سنو سپورٹس ایسوسی ایشن کے صدر شہزادہ احتشام الملک کی جانب سے چترالی چغہ تحفے کے طور پر پیش کیا گیااور
ان کو مڈگلشت کے مقامی سطح پر بنے ہوئے لکڑی کی سکینگ بھی پیش کی گئی۔
افتتاحی تقریب میں کمانڈر ناردرن ائیر کمانڈ ائیر وایس مارشل سرفراز، ائیر کوموڈور شاہد، چترال سکاﺅٹس کے ونگ کمانڈر لفٹنٹ کرنل خرم نذیر، اسسٹنٹ کمشنر دروش عبد الولی خان اور علاقے کے معززین بھی موجود تھے۔
وی این ایس چترال











