حالیہ پاک بھارت کشیدگی  کے دوران  ہم نےدنیا کو بہترین حکمت عملی سے امن کا پیغام دے کر اخلاقی فتح حاصل کی:صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی

303

لاہور،26 اپریل(اے پی پی ):صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملکی استحکام کےلئے معیشت کا مضبوط ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے،پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،چند مہینوں اور چند سالوں میں معاشی بحالی بہت ضروری ہے جس کے بعد پاکستان بہت جلد دنیا کے نقشے پر ابھرتی ہوئی طاقت کے طور پر سامنے آئے گا، ہندوستان کے ساتھ ہونیوالی چپقلش میں پوری قوم،میڈیااور افواج پاکستان امن چاہتی تھیں ،ہم نے بہترین حکمت عملی سے جواب بھی دیا اور دنیا کو امن کا پیغام دے کر اخلاقی فتح بھی حاصل کی اوراس سے دنیابھر میں پاکستان کی قدروقیمت میں بھی بے پناہ اضافہ ہوا جبکہ ہندوستان کو ہر محاذ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزیہاں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام 27ویں سالانہ تقریب عطائے گولڈ میڈل برائے کارکنان تحریک پاکستان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں سینیٹر ولید اقبال ،چیئر مین تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ میاںمحبوب احمد،شوکت ترین،سابق چیف جسٹس خلیل الرحمان،بیگم مجیدہ وائیں،ممتاز صنعتکار افتخار احمد ملک سمیت ملک بھر سے کارکنان تحریک پاکستان نے شرکت کی۔

تقریب میں رشیدہ بی بی،میاں اختر،شیخ جمیل،زکریا ساجد،آغا عبدالحفیظ،امیر حسن صدیقی،میاں بخش قادری سمیت متعدد کارکنان کو تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کرنے پر گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یہ بات میرے لیے باعث عزت ہے کہ میں نے تحریک پاکستان کے کارکنوں اور ان کی اولادوں کو ان کی گرانقدر خدمات کے اعتراف میں گولڈ میڈل عطا کیا۔ میں عام طور پر گولڈ میڈل لینے والوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں مگرمیں ان لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ ان کی بدولت ہی پاکستان حاصل ہوا۔

صدر پاکستان نے کہاکہ بھارت میں رہنے والے مسلمانوں کی فکر اور ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے ہمیں ملکی معیشت کو مضبوط کرنا ہو گا۔ بھارتی مسلمانوں کو آج بھی طعنہ دیا جاتا ہے کہ تم پاکستان چلے جاﺅ۔ اس لیے میرے نزدیک مسلمانان ہند کا غم بھی ہمارا غم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جمہوریت اور ووٹ کے ذریعے قائم ہوا اور پاکستانی جمہوری قوم ہیں۔ قائداعظمؒ کی جہد مسلسل اور قوت ارادی سے پاکستان معرض وجود میں آیا۔ سرسید احمد خان نے مسلمانان ہند کو جدید علوم کی طرف راغب کیا جبکہ کلام اقبالؒ کے بغیر ہم تحریک پاکستان کو سمجھ نہیں سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مملکت خدادادبننے کے بعد ہمیں مختلف مسائل اور ایشوز کا سامنا کرنا پڑا جس میں سب سے بڑا ایشو دہشتگرد ی کا تھاجس کےلئے ا فواج پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دیں،70ہزار جوان شہید ہوئے جس کے بعد جا کر ملک میں امن قائم ہوا،اسی طرح لسانی اعتبار سے کراچی کو بھی تقسیم کرنے کی کوششیں ہوئیں ،اس کے امن کو سبوتاژ کیا گیا لیکن وہاں امن لانے کےلئے بھی 20سال لگے،اب وہی کراچی روشنی کا ابھرتا شہر ہے۔

 

وی این ایس، لاہور