اسلام آباد، 13اپریل(اے پی پی ): امام کعبہ شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن عواد الجہنی نے کہا ہے کہ سعودی عرب،پاکستان کیساتھ ہر قسم کی شدت پسندی، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب میں امام کعبہ نے کہا کہ سب سے پہلے میں مملکت سعودی عرب کی طرف سے بلوچستان کے دار الحکومت ، کوئٹہ میں کل ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتا ہوں، جس کے نتیجے میں کئی جانی نقصانات ہوئے اور کئی زخمی بھی ہوئے۔
شیخ ڈاکٹر عبداللہ بن عواد الجہنی نے کہا کہ آج ہماری امت مسلمہ کو اسلامی یکجہتی اور صف بندی کے مفہوم کو سمجھنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ خطروں کا، فتنوں کا، ہماری امت کی طرف نظریں جمائے مصیبتوں کا اور چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکے۔ان خطرات میں سب سے آگے ہے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خطرہ، جس کی تکلیف ہماری امت کی کئی قوموں نے برداشت کی، اور یہ ناسور دیگر معاشروں میں بھی سرایت کر رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ان حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے مسلمان علماء کرام کے کاندھوں پر اپنے اپنے معاشروں اور امت اسلامیہ کی خاطر ایک بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے، کیونکہ صف بندی اور یک آواز ہونے کے معاشروں میں استحکام، امت اسلامیہ کے وقار اور زندگی کے معاملات کو درست سمت لے جانے کے بڑے اثرات مرتب ہوتے ہیں، اس لئے کہ امن کے بغیر استحکام نا ممکن ہے۔
امام کعبہ نے کہا کہ مسلمہ کے علماء کرام کو چاہئے کہ وہ اپنے ممالک میں محبت اور امن کی طرف دعوت دیں، اور اپنے معاشروں میں اعتدال اور درگزر کے طریقہ کار کو اپناتے ہوئے لوگوں کو آگاہ کریں، اور اسلامی تعلیمات کے مطابق لوگوں میں اعتدال کے ساتھ مل جل کر رہنے کے شعور کو بیدار کریں، کیونکہ اسلامی تعلیمات ہی انسان کے احترام، اس کی عزت، جان اور مال کی حفاظت کی ضامن ہے، اس کے علاوہ لوگوں کو یک آواز ہونے کی ترغیب بھی دلانا چاہئے اور انہیں اختلاف اور افتراق سے خبردار بھی کرنا چاہئے، جس کے نتیجے میں دینی اور قومی اتحاد وجود میں آئیگا۔
تقریب میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری اور ڈپٹی چئیرمین برائے وزارت اسلامی امور محترم شیخ ڈاکٹر عبدالله الصامل سمیت دیگر علماء کرام بھی موجود تھے۔
سورس:وی این ایس ، اسلام آباد