صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے جمہوریہ کوریا کے پارلیمانی وفد کی ملاقات

286

اسلام آباد،24 اپریل (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کوریا کے ساتھ اپنے بہترین سفارتی تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور کوریا کے مابین خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں جن کی بنیاد باہمی اعتماد اور تفہیم پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمہوریہ کوریا کے پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ وفد میں کوریا کی قومی اسمبلی کی خارجہ امور اور یونیفیکیشن کمیٹی کے چار ارکان اسمبلی شامل تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت اس کی حقیقی صلاحیت سے کم ہے، دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافہ کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین جلد آزاد تجارت کا معاہدہ اس سمت میں ایک مثبت قدم ہو گا۔ انہوں نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں کوریا کی کمپنیوں کی طرف سے سرمایہ کاری میں مسلسل اضافہ کا خیرمقدم کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ اس سے پاکستان کی معیشت پر کوریا کی کاروباری کمپنیوں کے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کوریا کی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع اور حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کان کنی، زرعی صنعت اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے خصوصی اقتصادی زونز قائم کئے ہیں، کوریا کی کمپنیاں ان زونز میں اپنے یونٹ قائم اور منتقل کریں۔ انہوں نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان سے تعلیم کیلئے کوریا جانے والے طلباءکی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے 2019ءکیلئے پاکستانی محنت کشوں کا کوٹہ بڑھا کر ایک ہزار کرنے پر کوریا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ کوریا کے پارلیمانی وفد کے ارکان نے کہا کہ کوریا اور پاکستان ایک دوسرے سے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ وفد نے کہا کہ پاکستان میں بدھ مت کے حوالہ سے خزانہ موجود ہے جو کہ غیر ملکی سیاحوں کیلئے بڑی کشش کا باعث ہے۔

وی این ایس، اسلام آباد

 

اے پی پی /نیوز ڈیسک/حامد(19:20)