اسلام آباد ، 15 اپریل (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین نے بتایا کہ آئندہ 2 دنوں میں معیشت کے حوالے سے بڑی خبریں آنے والی ہیں، انشااللہ ہم مضبوط معیشت کی طرف جا رہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے پیغام بھیجا ہے کہ وزراء کی تبدیلی کے حوالے سے میڈیا پر غلط خبریں چل رہی ہیں، کسی وزیر کو تبدیل نہیں کیا جا رہا ، اس طرح کی خبریں تصدیق کے بغیر نہیں چلنی چاہیے، غلط خبروں سے ملک اور میڈیا کو بھی نقصان ہو گا ۔
چودھری فواد حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر خزانہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کر کے آ رہے ہیں ، ایف اے ٹی ایف کے معاملے میں بھی مثبت پیش رفت سامنے آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات پر اسد عمر تفصیلی آگاہ کریں گے۔
وفاقی وزیر چودھری فواد حسین نےبتایا کہ وزراء کی کارکردگی رپورٹس وزیراعظم آفس پہنچ چکی ہیں ۔ وزیر اس لیے وزیر ہیں کیونکہ وزیراعظم عمران خان ان سے مطمئن ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ردوبدل کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہے،ایسے کسی بھی فیصلے سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔
وی این ایس ،اسلام آباد