اسلام آباد، اپریل01(اے پی پی ): وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت سی ڈی اے سے متعلقہ امور پر اجلاس ہوا، اجلاس میں معاون خصوصی برائے سی ڈی اے علی نواز اعوان، ترجمان وزیرِ اعظم ندیم افضل چن، معاون خصوصی یوسف بیگ مرزا ، چئیرمین سی ڈی اے عامر احمد علی و دیگر سینئر افسران شریک تھے۔
چئیرمین سی ڈی اے کی جانب سے وزیرِ اعظم کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری کاروائیوں ، اسٹرکچرل و پرسیجرل ریفارمز، سوشل سیکٹر کی بہتری، ماحولیات کے تحفظ، مالی وسائل بڑھانے کے حوالے سے اقدامات، تعطل کا شکار پراجیکٹس کی بحالی و دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم نے چئیرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ غیر قانونی طور پر قبضہ شدہ اراضی کو بلا تفریق واگزار کرایا جائے۔ اربن ریجنریشن کے حوالے سے وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں موجود کچی آبادیوں کے مکینوں کورہائش اور معیاری سہولتیں فراہم کرنا حکومت کے ہاؤسنگ پروگرام کا اہم جزو ہے۔ اس سلسلے میں بیرون ملک سرمایہ کاروں سے بات چیت جاری ہے تاکہ کچی آبادیوں کے علاقوں میں ہائی رائز بلڈنگز کی تعمیر کی جا سکے ۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی وفاقی دارالحکومت میں صفائی ستھرائی کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے اور گرین ایریاز کی بحالی کے کام پر خصوصی توجہ دی جائے۔
سورس:وی این ایس ، اسلام آباد