وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا چوتھا اجلاس

434

اسلام آباد،10 اپریل (اے پی پی):وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کا چوتھا اجلاس وزارت خارجہ میں ہوا،اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات کا حامی ہے، خطے میں امن و استحکام کے لئے افغان امن عمل میں اپنی معاونت جاری رکھیں گے، حکومت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کو انتہائی اہمیت دیتی ہے۔
اجلاس میں سابق سفرائ، سابق خارجہ سیکرٹریز، ماہرینِ بین الاقوامی امور اور دیگر اراکین مشاورتی کونسل نے شرکت کی۔ اجلاس میں خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت خارجہ پالیسی سے متعلقہ اہم علاقائی امور زیر غور آئے۔وزیر خارجہ نے مشاورتی کونسل کے اراکین کو اہم علاقائی اور بین الاقوامی دنیا کے ساتھ پاکستان کے حالیہ روابط کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے حال ہی میں یورپی یونین اور چین کے ساتھ ہونیوالے اسٹریٹیجک مذاکرات اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہم پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اور اپنی سفارتکاری کو مزید موثر بنانے کے لئے اہم ممالک کیساتھ دوطرفہ روابط کو فروغ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے دلخراش واقعہ کے بعد ترکی کی طرف سے او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کا انعقاد قابل تحسین ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لئے افغان امن عمل میں اپنی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے، ہم بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور بذریعہ مذاکرات حل کرنے کے خواہاں ہیں۔ مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ نے دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کی جانب سے تارکینِ وطن کو دی جانے والی سہولیات، وزارت خارجہ کے افسران کی پیشہ وارانہ تربیت اور اقتصادی سفارتکاری کو مزید موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت دنیا بھر میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کو انتہائی اہمیت دیتی ہے، تارکین وطن کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے لئے ہم نے تمام سفارتخانوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ کے کثیر الجہتی امور میں معاونت پر مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے اراکین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

وی این ایس ، اسلا م آباد

 

اے پی پی /حمزہ/حامد(18:21)