پارلیمانی سفارتکاری جمہوری ممالک کے مابین پل کا کردار ادا کر سکتی ہے: سپیکر قومی اسمبلی

221

اسلام آباد ، 30 اپریل (اے پی پی): سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر نے کہا ہے کہ پارلیمان ممالک کے مابین تعاون کو وسعت دینے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے، عصرِ حاضر میں جب تمام ممالک کی پالیسیاں اقتصادی ایجنڈے کے تحت چلائی جا رہی ہیں، پارلیمانی سفارتکاری جمہوری ممالک کے مابین ایک پل کا کردار ادا کر سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو”پاکستان قزاخستان تعلقات اورپارلیمانی سفارتکاری کا کردار“ کے موضوع پر منعقد ہونے والے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان قزاخستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لئے کوشاں ہے، قزاخستان کا کردار علاقائی امن و استحکام کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

 اسد قیصر نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعاون کو وسعت دینے میں پارلیمانی سفارتکاری اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ منتخب نمائندوں کا اپنی عوام سے گہرا رشتہ ہوتا ہے اس لیے وہ اقوام کو قریب لانے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قازقستان کا علاقائی اور عالمی فورمز پر اشتراک خوش آئند ہے، ان فورمز پر قزاخستان کی جانب سے ادا کیے جانے والے تعمیری کردار کو سراہتے ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم دونوں ممالک میں موجود مواقعوں سے مطابقت نہیں رکھتا اس میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک زراعت، ٹیکسٹائل، آ لات جراحی، کھاد، سائنسی تحقیق، توانائی، دفاع اور، تعمیرات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دے کرمستفید ہو سکتے ہیں۔ دونوں ممالک کی پارلیمانو ں کو اپنی عوام کے بہتر ین مفاد ات کے لئے مل کرآگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مل کر کام کرنے سے نیا اور پر امن عالمی نظام تخلیق کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان میں تاجر برادری کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی کی گئی ہے اور امید ہے کہ قزاخستان کے سرمایہ کار اس سے استفادہ کریں گے۔ دونوں اطراف کے مابین فضائی، ریل اور بذریعہ سڑک رابطوں کا قیام ہمارے معاشی اور تجارتی حجم میں نمایاں بہتری لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا دفاعی تعاون تسلسل سے تقویت پارہا ہے اور اس ضمن میں پیشہ ورانہ تبادلے مثبت اقدام ہیں۔

وی این ایس، اسلام آباد