کشمیر میں موجود تاریخی، عمارتی اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے اور ان کے تحفظ کےلئے مزید اقدامات کرنےکی ضرورت ہے، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر

250

 

ا

سلام آباد، 05 اپریل (اے پی پی): وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیر عظیم ثقافتی روایات کا پاسدار ہے، مشاہیر نے اسے جنتِ ارضی قرار دیا، آزاد جموں و کشمیر میں تاریخی و مذہبی عمارات کی بہترین دیکھ بھال ہو رہی ہے، ان عمارات میں صوفیائے کرام کے مزار بھی شامل ہیں جنہوں نے خطے میں اسلام کی تعلیمات کو عام کرنے میں اہم کردار ادا کیا، ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیر میں موجود تاریخی، عمارتی اور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جائے اور ان کے تحفظ کےلئے مزید اقدامات کئے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن اسلام آباد، اوآئی سی ریسر چ سینٹر فاراسلامک ہسٹری آرٹ اینڈ کلچراور حکومت آزاد جموں وکشمیرکے باہمی اشتراک سے منعقدہ دو روزہ کانگرس کے اختتامی اجلاس میں کیا۔

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دستکار مشکل کا شکار ہیں، عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں موجود ثقافتی و تعمیراتی ورثے کے تحفظ کےلئے اپنا کردار ادا کریں، کشمیر کی دستکاری اور کشیدہ کاری کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ غزالہ سیفی نے کہا کہ کشمیر عظیم تہذیب و ثقافت کا وارث خطہ ہے، اس کی دستکاری دنیا میں مشہور ہے، ان دستکاروں کی حوصلہ افزائی اور مسائل کے حل کی طرف توجہ دی جانی چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دستکار اور فنکار مشکلات کا شکار ہیں جس سے فنونِ لطیفہ اور ثقافتی ورثے کو خطرات لاحق ہیں، ان فنکاروں کے مسائل کے حل کی طرف عالمی برادری کو توجہ دینی چاہیے۔

وفاقی سیکرٹری برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ انجنیئر عامر حسن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگرس کے انعقاد سے کشمیر میں سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی، کانگرس کی رپورٹ کشمیر کی ثقافت کو او آئی سی ممالک میں بہتر انداز سے پیش کرے گی۔

اجلاس کے اختتام پر غزالہ سیفی، انجنیئر عامر حسن اور سید جنید اخلاق نے مندوبین کو سووینیئرز پیش کئے۔ اجلاس میں ڈاکٹر غنی الرحمان، پروفیسر معیز الدین، ڈاکٹر محمد اجمل شاہ، پروفیسر صغیر خان اور ڈاکٹر ایم اشرف خان نے مقالات پیش کئے۔

وی این ایس اسلام آباد