وفاقی ٹیکس محتسب کا ٹیکس وصولی نظام کے فیصلوں کے خلاف متاثرین کی شکایات کے ازالہ کے حوالہ سے اہم کردار ہے:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

357

اسلام آباد، یکم اپریل (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب کا ٹیکس وصولی نظام کے فیصلوں کے خلاف متاثرین کی شکایات کے ازالہ کے حوالہ سے اہم کردار ہے۔ انہوں نے یہ بات وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق احمد سکھیرا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی اور سالانہ رپورٹ 2018ءصدر مملکت کو پیش کی۔

 صدر نے وفاقی ٹیکس محتسب کی سفارشات کے خلاف ری پریزنٹیشن کی تعداد میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے الیکٹرانک کمپلینٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے اجراءکو سراہتے ہوئے کہا کہ ٹیکس گزاروں تک رسائی کیلئے ایس ایم ایس اور ای میل مہمات شروع کرنے کیلئے ایف ٹی او کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ صدر نے ”اینڈرائڈ“ پر مبنی ڈیوائسز کے ذریعے شکایات کے اندراج کا نظام مرتب کرنے پر بھی وفاقی ٹیکس محتسب کی تعریف کی۔ انہوں نے اس امر کو اجاگر کیا کہ ایف ٹی او کا علاقائی دفاتر کے ساتھ ویڈیو رابطہ صحیح سمت میں اقدام ہے جس سے وقت کی بچت ہو گی۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایف ٹی او کے کمپلینٹ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو ایف بی آر کے ساتھ ہم آہنگی سے استعداد کار بہتر ہو گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ادارہ کی افادیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ادارہ کو فرائض اور امور کار کی انجام دہی میں اپنی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد