اسلامی سربراہی کانفرنس سے قبل کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس ہو گا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں گے: راجہ علی اعجاز

37

جدہ، 26مئی(اے پی پی ): سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز نے کہا  ہے کہ اسلامی سربراہی کانفرنس  سے قبل کشمیر رابطہ گروپ کا اجلاس  ہو گا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس میں  پاکستان کی نمائندگی  کریں گے۔

اپنے ایک انٹرویو میں سعودی سفیر نے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ اس مبارک مہینے میں دنیا کی سب سے پاک جگہ اجلاس بلاکر مسلم امہ کو یہ موقع فراہم کیا ہے کہ وہ اپنے مسائل حل کریں اور مسلم اتحاد کو نقصان پہنچانے والے والی قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ اسلامی کانفرنس میں کشمیری نمائندے بھی شرکت کرکے بھارتی مظالم کی داستان مسلم امہ کو بتائیں گے ۔

یاد رہے کہ 14 ویں اسلامی سربراہی اجلاس کا انعقاد  مکہ المکرمہ میں ہو رہا  ہے  جس میں  خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے  خلیجی صورتحال اور امت مسلمہ کے مسائل پر توجہ دینے اور اسکا حل نکالنے کیلئے 57 ممبر اسلامی ممالک کے سربراہان کو دعوت دی ہے ۔  سربراہ کانفرنس سے قبل کشمیر پر بنائے گئے رابطہ گروپ کا اجلاس بھی ہوگا ۔کشمیر رابطہ گروپ میں پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جبکہ اسلامی سربراہ کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان شرکت کرینگے۔خلیجی اتحاد کونسل اور دیگر اجلاسوں میں مسلم امہ کو درپیش اہم مسائل زیر غور ہونگے جن میں مسئلہ فلسطین ،دہشت گردوں کی جانب سے ابو ظہبی اور سعودی عرب میں تیل پائپ لائنز پر حملے ،کشمیر اور دیگر مسائل پر بات ہوگی ۔

اسلامی ممالک کے سربراہان کی مکہ المکرمہ آمد کے موقع پر مکہ المکرمہ میں ممبر ممالک کے جھنڈے اور خیر مقدمی نعروں  کے بینرز آویزاں کر دئیے گئے ہیں۔

سورس: وی این ایس  ، جدہ