اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر ِصدارت حکومتی اور اپوزیشن رہنماوں کا اجلاس، موجودہ اجلاس کو 24مئی تک جاری رکھنے کا فیصلہ 

0
64

اسلام آباد،13مئی)اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر ِصدارت حکومتی اور اپوزیشن رہنماوں کا پارلیمنٹ ہاوس میں اجلاس ہوا۔ا اجلاس میں قومی اسمبلی کے موجودہ اجلاس کو 24مئی تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ، اجلاس میں ایوان کے ماحول کو سازگار رکھنے سمیت ایوان  میں قانون سازی کے  لیے پیش کیے جانے والے اہم بِلوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسد قیصر نے کہا کہ ایوان کے ماحول کو پْر امن اور خوش گوار رکھنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،موثرقانون سازی کے ذریعے عوامی مسائل کو حل اور ایوان کے وقار کو بلند کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ  ملکی مسائل کے حل کے لیے  ایوان میں نمائندگی رکھنے والی جماعتوں میں اتفاقِ رائے ضروری ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ  اس وقت ملک کو جن مسائل کا سامنا ہے ان پر قابو پانے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو کردار ادا کرنا ہو گا، پارلیمنٹ کی مضبوطی جمہوریت کی مضبوطی و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔

اسد قیصر نے  مزید کہا کہ ایوان کے ماحول کو خوشگوار رکھنے کے لیے ہمیں ایک دوسرے کی رائے کا احترام کرنا ہو گا۔اجلاس کے شرکاء کی قانون سازی کے عمل اور ایوان کی کاروائی کو سازگار رکھنے میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی  کروائی گئی ۔

اجلاس میں وزیرِ دفاع پرویز خٹک، وزیر برائے خارجہ امور شاہ محمود قریشی، وزیرِ مذہبی امور نور الحق قادری، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، اراکینِ قومی اسمبلی سید خورشید شاہ، راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، خواجہ محمد آصف، رانا تنویر حسین، احسن اقبال اور محسن داوڑ سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔

وی این ایس،اسلام آباد