متحدہ عرب امارات نے 572پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا ہے، سعودی عرب سے جلد خوشخبری ملے گی:  ترجمان دفتر خارجہ  ڈاکٹر محمد فیصل

0
84

اسلام آباد ، 16 مئی (اے پی پی):  ترجمان دفتر خارجہ  ڈاکٹر محمد فیصل  نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے 572پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا اعلان کر دیا ہے  جبکہ سعودی عرب سے بھی پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے حوالے   سے جلد خوشخبری کی امید ہے۔ امریکا سے ڈی پورٹ ہونے والے 50 پاکستانی ملک واپس پہنچ گئے ہیں ۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران کہ متحدہ عرب امارت نے 3ہزار سے زائد قیدیوں کو عام معافی دینے کا اعلان کیا ہے ۔ان میں سے 572پاکستانی قیدی بھی شامل ہیں جو دبئی،العین، فجیرہ اور شارجہ کی  مختلف جیلوں میں  قید ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کیلئے یو اے ای حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں اور واپسی کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ  خلیج میں امریکی بحری بیڑے کی تعیناتی سے خطے میں تناو میں اضافہ ہو گا ۔  امریکا اور ایران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے  معاملات باہمی بات چیت کے زریعے حل کریں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل  نے  کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایس سی او سمٹ سے قبل 21اور22مئی کو وزراءخارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کیلئے بشکیک جائیں گے۔ انہوں  نے  بتایا  کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہ اجلاس 13جون کو بشکیک میں ہو رہا ہے جس میں وزیر اعظم عمران خان شرکت کریں گے۔

ترجمان نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اہنی حفاظت خود کر سکتا ہے۔انہوں  نے بتایا کہ وزیر اعظم نے 14ستمبر کو اپنے بھارتی ہم منصب کو خط لکھا  تھا کہ ہم دہشت گردی کے معاملے پر بات چیت کیلئے تیار ہیں جبکہ جموں و کشمیر دونوں ملکوں کے مابین بنیادی تنازعہ ہے۔ ترجمان   دفتر خارجہ نے آگاہ  کیا  کہ  پاکستان کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات پر  بھار ت  سے  مذاکرات کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینئر حریت رہنماوں کو زیر حراست رکھ کر سیاسی آوازوں کو عدالتی مظالم سے دبایا جاتا ہے۔ بھارتی قابض فورسز نے مظالم کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے پلوامہ اور شوپیاں میں مزید 8 بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے ۔ ترجمان نے مزید  کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تین سالہ معصوم بچی کا ریپ ظلم کی انتہاءہے اور بھارتی فورسز نے وادی کو ملٹری کیمپ میں تبدیل کر دیا ہے جہاں بربریت اور ناانصافیوں کا راج ہے۔

وی این ایس ، اسلام آباد