اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی خوبصورتی سے مالا مال کیا ہوا ہے، ہمارا جتنا بھی تاریخی ورثہ ہے اس کو محفوظ کرنے کیلئے موثراقدامات اٹھائیں گے: عمران خان

314

لاہور،4 مئی(اے پی پی ): وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا تاریخی ورثہ آنے والی نسلوں کیلئے بہت بڑی تاریخ ہے،ہمیں ہر سال اپنے بجٹ میں تاریخی ورثہ کو محفوظ کرنے کیلئے خصوصی فنڈز رکھنے چاہئے، یورپ سمیت پوری دنیا میں تاریخی مقامات کو محفوظ کیا جاتا ہے جبکہ پاکستان میں ہمارے تاریخی مقامات کی حفاظت کےلئے ماضی میں کوئی توجہ نہیں دی گئی،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو قدرتی خوبصورتی سے مالا مال کیا ہوا ہے، ہمارا جتنا بھی تاریخی ورثہ ہے اس کو محفوظ کرنے کیلئے موثراقدامات اٹھائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہی قلعہ لاہور میں والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کے تاریخی ورثے پر توجہ نہیں دی گئی بیرون ملک سے سیاح پاکستان کے تاریخی مقامات کو دیکھنے آتے تھے مگر پاکستان میں لوگوں کو ایسے مقامات کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ہوتی تھی ‘ ہمارا تاریخی ورثہ آنے والی نسلوں کیلئے بہت بڑی تاریخ ہے کہ ہم کیا تھے مگر ہم نے اپنے تاریخی ورثے کو محفوظ کرنے کیلئےکوئی اقدامات نہ کیے۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ہم نے ٹورازم میں مالی طور پر بہت نقصان کیا ہے ، ترکی جیسے ممالک میں ٹورازم سے سالانہ 40ارب کما رہے ہیںاور ملائشیاءجیسا ملک جس کے پاس تاریخی ورثہ نہیں ہے اس کے باوجود وہ اپنے ٹورازم سے 20ارب ڈالر سالانہ کما رہے ہیں ۔ہمارے ملک میں ٹورازم کیلئے بہت وسیع مواقع موجود ہیں اب حکومت نے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے ٹورازم ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا ہے۔جس میں موہن جوداڑو سے لے کر تاریخی ورثے جن میں پرانی عمارتیں شامل ہیں ان کو ہم ٹورازم کے فروغ کیلئے استعمال میں لائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا شمالی علاقہ جات سوئیزز لینڈ کادوگنا سائز ہے جو ابھی تک پوری طرح دریافت نہیں کیا جا سکا ۔ابھی تک ایسے علاقہ جات کے بارے میں لوگوں کو پتہ ہی نہیں ہے پاکستان بننے کے بعد ابھی تک ہم نے شمالی علاقہ جات کے نئے علاقے دریافت نہیں کئے ہمارے موجودہ سیاحتی شمالی علاقہ جات انگریزوں کے دریافت کئے ہوئے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہم ناروے اور اسٹریا کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے ہمارے شمالی علاقہ جات کو خوبصورت بنانے کیلئے ہماری مالی مدد کی ہے۔

وزیر اعظم نے ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی لاہور کامران لاشاری کے تاریخی ورثے کو محفوظ کرنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی ۔قبل ا زیں ڈائریکٹر جنرل لاہور والڈ سٹی کامران لاشاری نے وزیر اعظم کو لاہور میں تاریخی ورثے کو محفوظ کرنے کے حوالے کئے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔

سورس: وی این ایس، لاہور