بے گھر، بے سہارا،مزدوروں اور محنت کشوں کیلئے وزیراعظم نے پناہ گاہیں بنا کر عوام سے محبت کا ثبوت دیا: ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

306

لاہور،18 مئی(اے پی پی ): وزیر اعظم کی مشیر برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بے گھر، بے سہارا،مزدوروں اور محنت کشوں کیلئے وزیراعظم نے پناہ گاہیں بنا کر عوام سے محبت کا ثبوت دیا ہے،سابقہ حکمرانوں نے اپنی اولادوں کو امیر بنانے کی پلاننگ کی اور غریب کو ختم کرنے کیلئے قرضے لیکر معیشت میں بارودی سرنگیں چھوڑ گئے،پسے ہوئے طبقے کی بہتری کیلئے حکومت نے بجلی پر 216 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے جس کا 300 یونٹ تک استعمال کرنیوالے صارفین پر اطلاق ہو گا۔

وہ ہفتہ کے روز لاہور ریلوے سٹیشن کے قریب بننے والی پناہ گاہ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں۔اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما غلام محی الدین دیوان اور ڈپٹی کمشنر لاہور صالحہ سعید بھی موجود تھیں۔انھوں نے کہا کہ غریب کیلئے احساس پروگرام میں 80 ارب روپے کی سبسڈی کو بڑھا کر 180 ارب روپے کر دیا گیا ہے، ایمنسٹی سکیم نہیں ڈیکلریشن بل سامنے لائے ہیں، ڈیکلریشن معیشت کی بہتری کے لیے لا رہے ہیں، اپوزیشن نے منی لانڈرنگ کرکے پہلے پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا اور اب بلیک لسٹ کی تیاریاں ہورہی ہیں۔

مشیر برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ موجودہ حکومت 1.9 ارب روپے کے اشتہار میڈیا انڈسٹری کو دے چکی ہے اور اس وقت اشتہارات کی مد میں کوئی واجب الادا رقم نہیں ہے،اب اشتہارات کے بل صحافیوں کی تنخواہوں کی ادائیگی سے منسلک کرینگے۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ محنت کش افراد کیلئے خوبصورت اور تمام سہولیات سے آراستہ رہائش گاہوں کا قیام نئے پاکستان کی طرف پہلا قدم ہے، وزیر اعظم عمران خان نے عوام کی محبت اورتکلیف کا احساس کرتے ہوئے شیلٹر ہومز کی بنیاد رکھی۔ لاہور میں چھوٹے شہروں سے آنے والے مسائل زدہ لوگ جن کے پاس رہنے کیلئے جگہ نہیں ہوتی ان کیلئے آرام دہ، پرآسائش رہائش گاہیں دستیاب ہیں، یہ پناہ گاہیں غربت، احساس محرومی کے خاتمے کی جانب حکومت کاعملی قدم ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی کڑوی گولی وقتی ہے، جس کے اثرات آنے والے دنوں میں عوام دیکھیں گے، کرپشن کے وائرس کے اثرات وسائل کو نگل جاتے ہیں جس کا علاج کرنے کیلئے عام دوائی کارگر ثابت نہیں ہوتی اس کیلئے کیمو تھراپی کی ضرورت پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اکنامک روڈ میپ ترتیب دیا ہے جس سے عوام کی زندگی میں بہتری آئےگی اور ملک خوشحال ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پسے ہوئے طبقے کی بہتری کیلئے حکومت نے بجلی پر 216 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے جس کا 300 یونٹ استعمال کرنیوالے صارفین پر اطلاق ہو گا، غریب کیلئے احساس پروگرام میں 80 ارب روپے کی سبسڈی کو بڑھا کر 180 ارب روپے کر دیا گیا ہے جس سے غریب عوام کی معاشی حالت بہتر ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا مالکان اور میڈیا ایسوسی ایشن کے ساتھ مشاورت کریں گے، ویج بورڈ میں نامزد حکام سے میٹنگ ہوئی ہے،عارضی ویج ایوارڈ کا اعلان جلد کردیا جائے گا، آنے والے مہینوں میں مستقل ویج ایوارڈ کا اعلان کیا جائے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم نہیں ڈیکلریشن بل سامنے لائے ہیں،ڈیکلریشن معیشت کی بہتری کے لیے لا رہے ہیں،اپوزیشن نے منی لانڈرنگ کرکے پہلے پاکستان کو گرے لسٹ میں ڈالا اور اب بلیک لسٹ کی تیاریاں ہورہی ہیں،سابقہ حکمران اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے ایمنسٹی سکیم لائے، پاکستان کے مخالفین ملک کومعاشی میدان میں کمزور کرنا چاہتے ہیں تو یہ ایسے ڈیکلریشن بل بین الاقوامی فورم پر ہمارا جواب ہے کہ ہم اپنی اکانومی کو ڈاکو منٹ کرنے، منی لانڈرنگ کی حوصلہ شکنی اور حکومت کے اکنامک پارٹنر ز کو مضبوط کرنے جارہے ہیں، بعدا زاں انہوں نے پناہ گاہ کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا۔

اے پی پی /نیوز ڈیسک/حامد