راولپنڈی ،10 مئی (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان معیشت سمیت مختلف چیلنجز سے نبرد آزما ہو رہا ہے اور مشکلات سے نکل کر ایک مضبوط اور عظیم ملک بنے گا، عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہوتی ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صحت، رہائش، تعلیم سمیت تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی کےلئے پرعزم ہے، اس سلسلہ میں جامع منصوبہ بندی کے ساتھ موثر اقدامات اٹھا رہی ہے، کمزور طبقات کی بہبود کےلئے ”احساس“ پروگرام کے ذریعے معاشرے میں نئی سوچ متعارف کرا رہے ہیں، نوجوانوں کو آسان قرضوں کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کرکے معیشت میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
وہ جمعہ کو راولپنڈی میں ماں اور بچہ ہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وفاقی وزیر ہاﺅسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ اور اراکین پارلیمنٹ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعظم عمران خان نے شیخ رشید احمد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید احمد نے اس ہسپتال کے لئے جو جدوجہد کی اور ہار نہیں مانی، یہ منصوبہ رک گیا تھا لیکن جیسے ہی پی ٹی آئی برسر اقتدار آئی تو ان کی پہلی کوشش تھی کہ کسی بھی طرح یہ ہسپتال مکمل ہو اور آج اس ہسپتال کا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماں بچہ کے ہسپتال کےلئے پنجاب حکومت کے ساتھ ساتھ ہیلتھ ٹاسک فورس بھی پوری طرح مدد کرے گی، ہیلتھ ٹاسک فورس کے سربراہ بھی جلد اس ہسپتال کا دورہ کریں گے اور اسے مزید بہتر بنانے کے لئے اپنی تجاویزاور سفارشات دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے زیادہ کوشش ہو گی کہ عوام کےلئے صحت کے شعبہ میں بہتری (ہسپتالوں کو بہتر کرنا اور ضرورت کے مطابق نئے ہسپتال بنانا) لائی جائے اور نچلے طبقہ کو صحت انصاف کارڈ فراہم کئے جائیں تاکہ ہر غریب کے پاس 7 لاکھ 20 ہزار کا کارڈ ہو تو وہ گھر کے کسی بھی فرد کا علاج کرا سکیں، اگر کوئی حکومت یہ کام کر دے کہ غریب کو علاج کی فکر نہ ہو تو وہ ایک کامیاب ریاست ہو گی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو داد دیتا ہوں جنہوں نے پنجاب میں صحت انصاف کارڈ، احساس پروگرام، پناہ گاہوں سمیت نچلے طبقہ کو اوپر لانے کےلئے بہت محنت کی ہے، احساس پروگرام کے ذریعے حکومت نے ذمہ داری لینی ہے کہ غریبوں کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پناہ گاہیں بنا رہے ہیں، غریب کے پاس اگرچھت نہیں ہے تو وہ مجبور ہو کر فٹ پاتھ پر سوتا ہے، ملک بھر میں قائم ہونے والی پناہ گاہوں میں ایسے افراد جن کے پاس چھت نہیں ہے انہیں چھت فراہم کی جا رہی ہے اور انہیں کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے، پناہ گاہوں میں زیادہ تعداد مزدورں کی ہے جو دن میں دیہاڑی لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنے کےلئے آسان قرضوں کی سہولت فراہم کر رہے ہیں جبکہ دیہی علاقوں میں گائے، بھینس اور مرغیاں دیں گے تاکہ وہ بھی اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں نیا پاکستان ہاﺅسنگ پراجیکٹ کے ذریعے ان لوگوں کو گھر دینے کی طرف جا رہے ہیں جن کے پاس اپنا گھر بنانے کےلئے پیسے نہیں تھے، گھروں کی مطلوبہ تعداد کا تعین کرنے کے لئے وزارت ہاﺅسنگ ایک فہرست تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے لوگ مشکل میں ہیں، بجلی اورگیس مہنگی ہے، اس کا مجھے بھی احساس ہے، مہنگائی کیوں ہوتی ہے، گیس، بجلی کیوں مہنگی ہوئی ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ بجلی اور گیس کا شعبہ مقروض ہو چکا ہے، ہمارے پاس دو آپشن تھے یا تو اداروں پر قرض بڑھائے جاتے یا قیمتوں میں اضافہ کیا جاتا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں آئی تو حکومت پر1300 ارب کے قرض تھے، جب ہمیں حکومت ملی تو پچھلا نظام ٹھیک نہیں تھا جس کی وجہ سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مجموعی قرضوں میں گذشتہ 10 سالوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، پچھلے 10 سالوں میں 6 ہزار ارب سے 30 ہزار ارب پر قرض پہنچ گیا، قرض اتارنے کے لئے نظام کو ٹھیک کر رہے ہیں، ایسے میں ضرور قوم کو مشکل سے گزرنا پڑے گا۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ چوتھی مرتبہ راولپنڈی کے عوام کی خدمت میں حاضر ہورہا ہوں ،ماں اور بچہ ہسپتال منصوبے کا آغاز 2005ءمیں ہوا جو کہ 2008ءمیں مکمل ہونا تھا لیکن ماضی میں ایسے منصوبوں پر توجہ دینے کی بجائے نمائشی منصوبے بنائے گئے اس وجہ سے یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں راولپنڈی کے عوام کو سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال دینے کا اعزاز بھی پی ٹی آئی کو حاصل ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ماں اور بچہ ہسپتال میں کمیشن نہ ہونے پر سابقہ حکومتوں نے اس منصوبے پر کام نہیں کیا ،12سال بعد اس منصوبے پر کام کا آغاز ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون بننے کے بعد پشاور سے کراچی تک سفر کم ہو جائے گا، پاکستان ریلوے بحال ہو گی تو ملک خوشحال ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی اصول اور سچائی والے لوگوں کے ساتھ ہے، راولپنڈی کی موجودہ سیاسی قیادت شرافت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد











