اسلام آباد ، 27 مئی (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں مہمانداری کی صنعت کی ترقی کے مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہاں مقامی و بین الاقوامی سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے متنوع ثقافت، منظر نامہ اور مذہبی مقامات موجود ہیں، نجی شعبہ پاکستان میں سیاحتی مقامات کی تلاش و فروغ کے لئے مہمانداری کی صنعت میں سرمایہ کاری کرے، اس سلسلے میں تمام ممکنہ تعاون فراہم کیا جائے گا۔ وہ پیر کو یہاں ایوان صدر میں مہمانداری کی صنعت کے لئے کورسز کے بارے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے تربیت یافتہ افرادی قوت کی اہمیت پر زور دیا جو بہتر مہمانداری کی خدمات کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرسکتی ہے جس سے ملک کے سیاحت کے شعبہ کی حقیقی صلاحیت سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہر سال ہزاروں غیر ملکی سیاحت پاکستان آتے ہیں اور حکومت ای۔ویزا، آمد پر ویزا کا اجراءاور نئے سیاحتی مقامات کی ترقی جیسے اقدامات کے ذریعے سیاحت کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
صدر مملکت نے نیووٹیک اور ہائر ایجوکیشن کمیشن پر زور دیا کہ ایمانداری سے متعلق خدمات کے بارے میں نصاب کی تیاری، آن لائن تربیتی کورسز کے ساتھ ساتھ اس کے معیار کو بہتر بنانے سے متعلق ٹھوس تجاویز پیش کریں۔ اس سلسلے میں صدر مملکت نے زور دیا کہ ٹوور آپریٹرز و گائیڈز ہوٹل مینجمنٹ اور گیسٹ سروسز کے لئے تربیتی کورس وضع کئے جائیں۔ انہوں نے نجی شعبہ پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سیاحتی مقامات کی تلاش و فروغ کے لئے مہمانداری کی صنعت میں سرمایہ کاری کرے۔ اس صنعت کی ترقی کے لئے تمام ممکنہ تعاون فراہم کیا جائے گا۔ 2018ءمیں دنیا کے جی ڈی پی میں 10 فیصد سے زائد سیر و سیاحت کا حصہ رہا۔ اس شعبہ نے پانچ نئی ملازمتوں میں سے ایک ملازمت فراہم کی اور اس کی شرح نمو 3.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ 2019ءمیں پاکستان میں بین الاقوامی سیاحوں کی تعداد 14 لاکھ تک بڑھنے کی توقع ہے۔ موئنجو داڑو، ہڑپہ، ٹیکسلا، ہمالین ہل اسٹیشنز، بدھا کے مقامات اور پہاڑی چوٹیاں سیاحت کے بہترین مواقع فراہم کرتی ہیں تاہم سیاحت سے متعلق مناسب سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے اس شعبہ کی حقیقی صلاحیت سے مکمل استفادہ نہیں کیا جا سکا اس لئے سیاحت کی ترقی اور تربیت یافتہ ورک فورس کی فراہمی کے لئے نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔
اجلاس میں چیئرمین ایچ ایس ای ڈاکٹر طارق بنوری، چیئرمین نیووٹیک سید جاوید حسن، سی ای او سیرینا ہوٹلز برائے جنوبی ایشیاءعزیز بولانی اور چیف آپریٹنگ آفیسر ہاشو گروپ حسیب گردیزی بھی شریک تھے۔
وی این ایس، اسلام آباد