معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی وفاقی کابینہ اجلاس بارے میڈیا بریفنگ

404

اسلام آباد ، 7مئی(اے پی پی ):وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے  اجلاس کے بعد وفاقی وزیر بجلی و پیٹرولیم ڈویژن عمر ایوب کے ہمراہ  اجلاس بارے میڈیا کو بریفنگ میں معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اجلاس میں  پاکستان کے سعودی عرب میں افرادی قوت کا جائزہ لینے اور آزربائیجان کے ساتھ زراعت کے شعبے میں تعاون کے لئے معاہدے،وزیراعظم کفایت شعاری اورسادگی مہم کے تحت تمام وزارتوں اور ڈویژنوں کے لئے مختص انٹرینمنٹ اینڈ گفٹ بجٹ کے خاتمے ،اقبال اکیڈمی کے لئے بورڈ آف گورنرز ،کراچی ٹیکسیشن اینڈ اینٹی سمگلنگ جج کی تقرری اور پاک چائنہ یونیورسٹی آف انجنیئرنگ کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی  ہے۔

اجلاس میں  وز یر اعظم عمرا خان نے  ہدایت کی  ہے کہ تمام وزارتوں اور ڈویژنوں میں مستقل افسران کی تعینات یقینی بنائی جائے ، رمضان المبارک کے دوران ذخیرہ اندوزی ،مصنوعی بحران پیدا کرنے والے مافیا اور افسران میں شامل کالی بھیڑوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔

 معاون خصوصی اطلاعات و نشریات  نے کہا کہ ملک بھر میں ماسوائے 60فیڈرز کے 8783فیڈرز پر لوڈشیڈنگ نہیں ہورہی ،سحری اور افطاری کے پانچ پانچ گھنٹے 100فیصد بجلی فراہم کی جارہی ہے ،ڈیڑھ سال تک بجلی کی قیمتوں میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا ،31دسمبر 2020 تک گردشی قرضے صفر ہوجائیں گے،پانچ ماہ کے دوران بجلی چوری کی روک تھام اور واجب الادا رقوم کی وصولیوں کی مد میں61 ارب کی اضافی رقم وصول کی گئی ہے ، ملک میں توانائی کی ضروریات کو پوراکرنے کےلئے ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ آئندہ 25 سال کےلئے طلب و رسد کا پلان مرتب کیا گیا ہے ،وزارت تعلیم تمام مدارس کو رجسٹر کرے گی،وزارت تعلیم مدارس میں تکنیکی تعلیم اور مالی وسائل کی فراہمی میں معاونت فراہم کرے گی،پاکستان سٹیل ملز کو دوبارہ فعال بنانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت چلایا جائے گا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج ایک سزا یافتہ مجرم سج دھج کے جیل واپس جارہا ہے،کسی بھی مجرم کو شاہانہ انداز سے پیش کرنا جرم کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجرم کی اس طرح جیل منتقلی اور تشہیر لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ جیل مینوئل کے مطابق قیدی کا ضابطہ اخلاق طے شدہ ہے،انوکھا لاڈلا قیدی تمام قوانین کی دھجیاں بکھیرکر واپس جارہا ہے،یہ چاہتے ہیں کہ قیدی کو قیدی نہیں بلکہ امام مسجد کہیں۔

وفاقی وزیر بجلی و پیٹرولیم ڈویژن عمر ایوب نے بتایا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت بنی تو اسوقت گردشی قرضے 1806روپے تک پہنچ چکی ہے ،مسلم لیگ ن حکومت جارہی تھی اسی لئے ہر شعبے میں اربوں روپے قرض چڑھا گئی ،صرف بجلی کے شعبے میں 450ارب کے گردشی قرضے تھے ۔وفاقی وزیر بجلی و پیٹرولیم ڈویژن عمر ایوب نے بتایا کہ مالی سال 2017-18ءمیں محض ایک سال میں گردشی قرضوں میں 450 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔ اکتوبر2018ءمیں موجودہ حکومت کی جانب سے چوری کی روک تھام اور واجبات کی وصولیوں کے سلسلہ میں باقاعدہ مہم شروع کی گئی جس کے مثبت نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ پانچ ماہ کے دوران بجلی چوری کی روک تھام اور واجب الادا رقوم کی وصولیوں کی مد میں61 ارب کی اضافی رقم وصول کی گئی ہے جو کہ رواں سال کے اختتام تک 80 ارب تک پہنچ جائے گی، اضافی وصولیاں آئندہ سال110 ارب تک پہنچ جائیں گی جبکہ جون 2020ءتک 190 ارب روپے اکٹھے کئے جانے کی توقع ہے۔

وی این ایس ، اسلام آباد