اسلام آباد ، 8 مئی (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان سے محمد علی نیکوکارہ کی قیادت میں ہاورڈ کلب آف پاکستان کے وفد نے یہاں بروز بدھ ملاقات کی ۔
وفد کی قیادت صدر ہاورڈ کلب آف پاکستان محمد علی نیکوکارہ کر رہے تھے جبکہ وفد میں نادیہ ناویوالہ، کامران کمال، عفنان کریم کنڈی، پیر سعد احسن الدین اور آفتاب حیدر شامل تھے۔ سینیٹر فیصل جاوید بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو ملکی معیشت کی بہتری، فوجداری مقدمات سے متعلقہ انصاف کے طریقہ کار(فوجداری نظام انصاف)، توانائی کے شعبے، ذرائع رسل و رسائل (لاجسٹکس) کی بہتری، نظام تعلیم میں اصلاحات، ملکی قومی تشخص کواجاگر کرنے، ملکی سیاحت کو عالمی سطح پر روشناس کرانے جیسے اہم معاملات پر وزیرِ اعظم کو اپنی تجاویز پیش کیں۔
وزیرِ اعظم نے وفد کی سفارشات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کاحقیقی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ نوجوانوں کو ملک کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے۔ حکومت ان مسائل کے حل کے لئے نوجوانوں کی جانب سے پیش کی جانے والی تجاویز کا خیر مقدم کرتی ہے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کی بھرپور شرکت کے بغیر ترقی کا عمل ادھورا رہے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ نوجوانوں کو ملک کو درپیش مسائل کا مکمل ادراک ہے، نوجوانوں کی بھرپور شرکت کے بغیر ترقی کا عمل ادھورا رہے گا۔
سورس:وی این ایس ، اسلام آباد











