پبلک اکاو نٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس

264

اسلام آباد، مئی 23 (اے پی پی ): پارلیمنٹ کی پبلک اکاو نٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس آج کنوینئر سردار ایاز صادق کی صدارت منعقد ہوا جس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام،وزارت قانون وانصاف،نجکاری اور پیٹرولیم ڈویڑن کے آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا اور وزارت قانون کی سپلیمنٹری گرانٹس پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کی ۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا گرانٹس کی بہت بڑی رقم سرینڈر کی گئی ہے ،اتنی سیونگ کیوں ہوئی ہے ،جس پر وزارت قانون حکام نے کہا کہ آئندہ سے ہم کم گرانٹ مانگا کریں گے۔
آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا 2008 میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کے زیر استعمال گاڑی ڈرائیور کے گھر سے چوری ہونے کے باعث 17 لاکھ کا نقصان ہوا جس پر اسلامی نظریاتی کونسل حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ہے ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ 15 دنوں میں انکوائری کر کے ہمیں رپورٹ دی جائے ۔
آڈٹ حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ او جی ڈی سی ایل کی جانب سے خواجہ ون کنویں کی کھدائی کے کام سے دستبرداری کے باعث 1224 ملین روپے کے اخراجات ضائع ہو گئے۔
اس موقع پر سمندر میں کیکڑا ون بلاک سے تیل وگیس کے ذخائر کی تلاش کا معاملہ بھی زیر غور آیا ۔او جی ڈی سی ایل کے ایم ڈی زاہد میر نے کمیٹی کو بتایا کہ کیکڑا بہت بڑا اسٹرکچر ہے ،لیکن کیکڑا ون منصوبے کی کامیابی کے امکانات صرف 12 فیصد تھے ۔وزارت سمیت سب کو یہ بتایا گیا تھا۔ ایم ڈی او جی ڈی سی ایل نے کمیٹی کو مزید بتایا کہ ہم نے گزشتہ سال 6 ڈسکوریاں کی تھیں جبکہ اس سے پچھلے سال 5 ڈسکوریاں کی تھیں ۔

 

وی این ایس، اسلام آباد