وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا  ضلع لکی مروت  کا دورہ ، شہید کیپٹن عارف اللہ کی تعزیت کی

0
40

پشاور، 21  جون (اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے تاج زئی ضلع لکی مروت (بنوں) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے شہید کیپٹن عارف اللہ کے والد شاہ دراز خان سے تعزیت کا اظہار کیا ۔

گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان ، وزیرصحت ہشام انعام اللّٰہ خان، کور کمانڈر لفٹننٹ جنرل شاہین مظہر محمود اور اراکین صوبائی اسمبلی شاہ محمدخان، پختون یاربھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے، وزیراعلیٰ نے دیگر رہنماﺅں کے ہمراہ شہیدکے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور ان کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید عارف اللہ نے مادر وطن کی حفاظت اور دفاع پر اپنی جان نچھاور کی ہے، امن کے باب میں شہید کی قربانی سنہری حروف سے لکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عارف اللہ شہید ایک نڈر اور بہادر فوجی افسر تھے جنہوں نے اپنی ڈیوٹی کے دوران مختلف محاذوں پر دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر کو شکست سے دوچار کیا۔

محمود خان نے کہا کہ پاک فوج ، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی بدولت دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے، آئندہ بھی ملک میں امن و امان کیلئے ہماری سیکیورٹی فورسز کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

وی این ایس پشاور