پاک بحریہ اپنے مادر وطن کی بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے مستعد اور ہمہ وقت تیار ہے، ایڈمرل ظفر محمود

0
27

اسلام آباد،21 جون  (اے پی پی): ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے سر براہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا پاکستان نیو ی وار کالج لاہور میں کورس کے شرکاءاور فیکلٹی ممبران سے خطاب   میں  پاکستان نیوی سے متعلق اپنے وژن اور پاکستان نیوی کے جاری منصوبوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

نیول چیف نے کورس کے شرکاءکو تاکید کی کہ وہ اپنے مستقبل کی حکمت عملی کے لئے رہنمائی اسلام اور نظریہ پاکستان سے حاصل کریں۔  انہوں نے آئیڈیالوجی آف پاکستان کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا-

نیول چیف نے کہا کہ تیزی سے بدلتے ہوئے حالات میں میری ٹائم سیکٹر کو مختلف قسم کے چیلنجز کا سامنا ہے، پاک بحریہ انفرادی طور پر اور دیگر عالمی افواج کے ساتھ مل کر ان چیلنجز کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔  گوادر بندرگاہ سے بے پناہ سمندری وسائل جڑے ہیں جن سے ہمیں استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔

 ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ پاک بحریہ عالمی بحری تجارتی راستوں کو مشترکہ عالمی اتحاد کے ساتھ ساتھ ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول کے ذریعے سیکیورٹی فراہم کر رہی ہے –  پاک بحریہ اپنے مادر وطن کی بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے مستعد اور ہمہ وقت تیار ہے-

قبل ازیں نیول چیف نے یاد گارِ شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

وی این ایس اسلام آباد