چترال میں ڈسٹرکٹ کپ پولو ٹورنامنٹ کا آغاز،  بیس پولو ٹیموں نے حصہ لیا

0
105

چترال، 18جون  (اے پی پی):  پولو گراﺅنڈ چترال میں ڈسٹرکٹ کپ پولو ٹورنامنٹ کا آغاز ہوچکا ہے جو کہ 25 جون تک جاری رہے گا۔ پہلے دن ٹورنامنٹ کے دس میچوں میں بیس ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں دروش سے لیکر مستوج اور شندور تک کی پولو ٹیمیں  شامل تھیں،  شندور پولو کلب نے پہلی بار اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔

ٹیم کیپٹن نظام علی نے ہمارے نمائندے کو بتایا کہ شندور پولو کلب کا آغاز ایک نیک شگون ہے اور اس میں نوجوان کھلاڑیوں کو بھی موقع ملتا ہے کہ وہ بھی کھیلیں اور پولو کے ذریعے چترال کا نام روشن کریں۔  انہوں نے کہا کہ ان کو ناردرن سیٹیزن کمیونٹی بورڈ اور الکوثر ویلی جو فلاحی ادارہ ہے نے گھوڑے مفت فراہم کئے ہیں۔

ایک سوا ل کے جواب میں شہزادہ انیس جو نوجوان کھلاڑی ہے نے کہا کہ اس کمر توڑ مہنگائی گھوڑا پالنا بہت مشکل ہے کیونکہ ایک گھوڑے پر اوسطاً ماہوار بارہ ہزار روپے خرچ ہوتا ہے جو کہ ایک غریب کھلاڑی کیلئے مشکل ہے۔

سید ناصر علی شاہ نے کہا کہ ٹورزم کارپوریشن خیبر پختون خوا جو شندور کیلئے اور سیاحت کے فروغ کیلئے باون کروڑ روپے کا اعلان کرچکا ہے اگر وہ رقم کسی جیب میں جانے کی بجائے صحیح معنوں میں خرچ کی جائے تو تمام کھلاڑیوں کو گھوڑے پالنا اور ان کو ماہوار وظیفہ بھی اس سے مل سکتا ہے۔

 محبوب علی بیگ لال بھی ایک نوجوان کھلاڑی ہے جس نے مہربانی کرکے ہمارے نمائندے کو اپنا گھوڑا بھی فراہم کیا جس پر انہوں نے بیٹھ کر رپوررٹنگ کی محبوب علی بیگ لال نے کہا کہ وہ شوق سے کھیلتا ہے اور گھوڑے کو بھی اسی شوق کی تکمیل کیلئے پالتا ہے مگر اس دور میں گھوڑے جیسی مہنگی سواری پالنا نہایت مشکل ہے۔

پولو کے کھلاڑیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی مالی مدد کرے تاکہ وہ گھوڑے پال سکیں بصورت دیگر ان کیلئے گھوڑا رکھنا بہت مشکل ہوگا جس سے پولو کا یہ روایتی کھیل ختم ہوکر صرف ا سکی تصاویر کتابوں میں ملے گی۔

وی این ایس چترال