اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم کیلئے آن لائن پروفائل سسٹم کا اجراکردیا  ہے،شناختی کارڈاورموبائل فون نمبرکی بنیاد ڈیٹا انٹری ممکن ہوگی: چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی

378

اسلام آباد ،  جون 21(اے پی پی ):  چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی  نے کہا  ہے  کہ اثاثے ظاہرکرنے کی اسکیم کیلیے آن لائن پروفائل سسٹم کے  زریعے  اپنےشناختی کارڈ،موبائل فون نمبرکی بنیاد پرویب سائٹ پرڈیٹا انٹری ممکن ہوگی اور شہری شناختی کارڈکی بنیاد پراپنےبارےمیں آن لائن معلومات لےسکیں گے۔

آج ایف بی آر میں  وزیر مملکت  برائے  ریوینو  حماد اظہر کے ساتھ  صحافیوں  سے بات کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر کا  کہنا تھا آن لائن پروفائل سسٹم میں سیکیورٹی فیچرز کا بھی خیال رکھا گیا ہے اور کوئی شخص کسی دوسرے کا پروفائل استعمال نہیں کرسکے گا اور نہ  ہی کسی کی ذاتی معلومات کوئی دوسرا شخص حاصل  کر سکے گا۔

شبر زیدی نے کہا  کہ نادرا اور ایف بی آر کے 2پورٹلز بنائے گئے ہیں اور  ہیلپ لائن نمبر 9966 سے  معلومات  بھی حاصل کی جا سکتی ہیں ۔ایمنسٹی اسکیم کےعلاوہ بھی شہری ایف بی آرسےآن لائن ڈیٹابیس کی معلومات لےسکیں گے۔ ان تمام  اقدامات کا مقصد شہریوں  کو سہولت فراہم کرنا ہے۔

چیئرمین ایف بی آر  نے کہا کہ  نادرا کی مدد سے تمام شہریوں کی معاشی سرگرمیوں کا ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے اور  بینک ٹرانزیکشن،   ٹریولنگ  اور یوٹیلٹی بلوں سمیت تمام معلومات بھی   ایف بی آر کے پاس ہیں۔ دستیاب ڈیٹاکے علاوہ اضافی معلومات کی بنیاد پر ٹیکس اسیسمنٹ ہوگی۔

وی این ایس ، اسلام آباد