بجٹ2019-20عوامی امنگوں کا ترجمان بجٹ ہے: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

272

اسلام آباد،13جون(اے پی پی ): معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بجٹ عوامی امنگوں کی ترجمانی کرتا ہے۔بجٹ  میں کچھ کڑوی گولیاں  ہیں لیکن آرام ضرور آئے گا۔بجٹ میں طے ترجیحات پاکستان کو آگے لے کر جانے کے لیے ہیں۔

پی آئی ڈی  میں پریس کانفرنس میں سے خطاب میں  ان  کا کہنا تھا کہ  زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ پچھلی حکومت میں زراعت کے شعبے کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ۔

انھوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے دور حکومت میں زراعت کے شعبے کے لیے صرف ایک ارب روپے مختص کیے۔وزیراعظم نے عوامی احساسات کی ترجمانی کرتے ہوئی بجٹ میں ترجیحات  طے کیں۔ بجٹ میں کسانوں کو ٹیوب ویلز شمسی توانائی پر منتقل کرنے کیلئے مراعات دی ہیں۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  کہا کہ سولر پینلز کی آسان فراہمی کیلئے ان پر ٹیکس زیرو کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔10ہزار تک زرعی ٹیوب ویلز کی بجلی کا بل کسان خود دے گا۔10ہزار سے اوپر 75ہزار روپے تک بجلی کا بل وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر ادا کرینگے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے بجٹ پالیسیاں ترتیب دی گئی ہیں۔ وفاقی بجٹ عوامی امنگوں کا ترجمان ہے۔ سابق حکمران خاندان کو تکبر اور غرور لے ڈوبا۔ مریم صفدر کی  کل کی تقریر تکبر اور غرور کا شاہکار تھی۔تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والا لوٹ مار اور کرپشن میں ملوث رہا۔ شریف خاندان   نے نشان عبرت بن کر بھی کچھ نہیں سیکھا۔ شریف خاندان نے ذاتی مفادات اور کاروبار کیلئے سرکاری وسائل کا بے دریغ  استعمال کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ جن بچوں کیلئے نواز شریف نے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں وہ آج انکا حال تک نہیں پوچھتے،اللہ کی دی گئی طاقت سے وزیراعظم عمران خان نے غرور کے بت توڑے۔نوازشریف کے بیٹے فخر سے پاکستان سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔ مریم صفدر “کیا پدی کیا پدی کا شوربہ”ہوش کے ناخن لیں۔

ڈاکٹر فردوس  عاشق اعوان نے  کہا کہ بنارس کے ٹھگوں کا ٹولہ کس منہ سے عمران خان کے خلاف زبان درازی کرتا ہے۔مریم صفدر کے غرور  کی سزا یہ ہے کہ ان کا والد جیل میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کمیشن کے سربراہ کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔سب کو آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر اپنے اعمال کا حساب دینا ہوگا۔عمران خان کی قومی خزانہ لوٹنے والوں کے بارے میں پیشگوئیاں  آج سچ ثابت ہورہی ہیں۔ وزیراعظم کے اقدامات سے پاکستان کا سیاسی گند صاف ہوگا۔نئے پاکستان کی تعمیرو ترقی میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ میڈیا خود مختار ادارہ بن کر حکومت کی رہنمائی کیساتھ بدعنوانوں کو بھی بے نقاب کرے۔

سورس: وی این ایس ، اسلام آباد