بدعنوان عناصر غلط فہمی میں نہ رہیں، احتساب سب کا ہوکر رہے گا:مراد سعید

280

اسلام آباد، 13 جون (اے پی پی): وفاقی وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ گزشتہ دس سال میں لئے گئے قرضوں کی تفصیلات جاننے اور قوم کو اربوں روپے کا مقروض بنانے والوں کی شناخت کرکے انہیں کیفرکردار تک پہنچانے کے لئے وزیراعظم کی طرف سے اعلان کردہ کمیشن کا قیام قوم کی آواز ہے۔  ان کی وزارت نے قومی شاہراہوں کی تعمیر میں ہونے والے متعدد مشکوک منصوبوں کی تفصیل کمیشن میں پیش کرنے کے لئے تیار کرلی ہے۔

جمعرات کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ ساٹھ برس میں چھ ہزار ارب روپے تک قرضے لئے گئے، اس دوران تربیلاڈیم، منگلاڈیم اور دیگر بڑے بڑے منصوبے مکمل کئے گئے لیکن گزشتہ دس سال میں لئے گئے قرضے گزشتہ ساٹھ سال کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہیں جبکہ ہمیں کوئی بڑا منصوبہ بھی نظر نہیں آرہا، اس لئے ضروری تھا کہ گزشتہ دس سال میں لئے گئے قرضوں کا خاص طور پر احتساب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے نیشنل ہائی ویزاتھارٹی کے زیرانتظام متعدد منصوبوں میں اربوں روپے کرپشن کا سراغ لگایا ہے۔  اس میں جعلی اکاﺅنٹس میں اربوں روپے کی منتقلی بھی ہوئی ہے اور قومی دولت لوٹنے کے لئے دیگر کئی طریقے بھی استعمال کئے گئے ہیں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیرمواصلات نے کہا کہ ملک میں احتساب کے لئے ادارے موجود ہیں اور وہ اپنا کام کررہے ہیں لیکن حکومت گزشتہ دس سال میں لئے گئے قرضوں کا سراغ لگانے کے لئے کمیشن بنارہی ہے جو انہیں اداروں کے منتخب افراد پر مشتمل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم احتساب کا نعرہ لگا کر اقتدار میں آئے ہیں اور ہر صورت میں احتساب کرکے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا عزم کسی سے پوشیدہ نہیں، جب ڈھائی کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہوں، غربت میں مسلسل اضافہ ہورہاہے تو ایسی صورت میں ہم سب کو آگے بڑھ کر وزیراعظم کے احتساب کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنا ہوگا۔

سورس: وی این ایس اسلام آباد