لاہور، 14 جون (اے پی پی): بھارت کی ہٹ دھرمی، جوڑو میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتریوں کو روک لیا،پاکستانی ٹرین لینے سے انکار، بھارتی اور پاکستانی سکھ رہنماؤں کا شدید احتجاج،بھارتی رویہ کی شدید مذمت کی۔
تفصیلات کے مطابق گورو ارجن دیو کے شہیدی دن (جوڑ میلہ)کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتریوں نے بذریعہ خصوصی ٹرین پاکستا ن آنا تھا،پاکستانی ہائی کمشنر نے 2سو کے قریب سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر رکھے تھے جبکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی ہدایات پر حکومت نے یاتریوں کو سیکورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات مکمل کر رکھے تھے اور متروکہ وقف املاک بورڈ نے بھی مہمان نوازی کے لیے تمام تیاریا ں مکمل کر رکھی تھیں،واہگہ ریلوے اسٹیشن پر سیکرٹری بورڈ طارق وزیر،پردھان سردار تارا سنگھ،سردار بشن سنگھ،ڈپٹی سیکرٹری عمران گوندل،ترجمان عامر حسین ہاشمی،فراز عباس سمیت دیگر اعلی حکام مہمانوں کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ ریلو ے حکا م نے خصوصی ٹرین بھی تیار کر رکھی تھی اور بار بار رابطہ کرنے پر بھارت کی جانب سے تاخیری حربے استعمال کیے گئے۔ بعد ازاں پاکستانی ٹرین وصول کرنے اور سکھ یاتریوں کو روانہ کرنے سے انکار کر دیا۔جس پر اٹاری بارڈر پر موجود سکھوں نے شدید احتجاج کیا جبکہ پاکستانی سکھ رہنماؤں نے بھارت کے منافقانہ رویہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
پردھان پاکستان سکھ گورو دارہ پر بندھک کمیٹی سردار تارا سنگھ اور سابق پردھان سردار بشن سنگھ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکو مت پاکستان اور ٹرسٹ بورڈ نے تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کر رکھے تھے جبکہ بھارت کا منافقانہ رویہ قابل مذمت ہے جس پر دنیا بھر کی سکھ قوم سراپہ احتجاج ہے بھارت کا اقلیتوں خاص طور پر سکھوں کے ساتھ رویہ قابل مذمت ہے۔
بورڈ کے ترجمان عامر ہاشمی نے بتایا کہ چیئرمین بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کی ہدایات پر افسران نے تمام تر انتظامات مکمل کر رکھے تھے۔
سورس: وی این یس، لاہور