راولپنڈی 5 جون (اے پی پی): افواج پاکستان کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ خط اول پر دفاع وطن کا فریضہ انجام دینے والے سپاہیوں اور افسروں کے ساتھ نماز عید اداءکی ہے اور کہا ہے کہ کہ ایک سپاہی کے لئے بہترین اور قابل فخر عید وہی ہوتی ہے جو وہ مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنے اہل خانہ سے دور اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران منائے۔ ’یاد رکھئے، پاکستان کے محافظوں کی حیثیت سے ہمارے لئے پاکستان ہی ہمارا خاندان ہے اور یہ ہمارے لئے اپنے گھر انتظار کرنے والے پیاروں سے بھی زیادہ قریب تر ہے‘۔
عیدالفطر کی نماز لائن آف کنٹرول پر تعینات جوانوں کے ساتھ اگلے مورچوں پر اداءکرنے کے بعد جنرل قمرجاوید باجوہ نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعائیں مانگیں۔ سپہ سالار نے نماز عید کے بعد پاک فوج کے جوانوں سے مختصر خطاب بھی کیا اور کہا کہ سالانہ بجٹ میں دفاعی اخراجات میں ضروری اضافہ سے رضاکارانہ طور پر دستبردار ہونا قوم پر کوئی احسان نہیں کیونکہ پاک فوج اورپاکستانی قوم دو مختلف چیزیں نہیں۔ ہمارا غم اور خوشی ایک ہی ہے۔
جنرل باجوہ نے کہا کہ دفاعی بجٹ میں رضاکارانہ کمی کے باوجود کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں ہمارے ردعمل میں کوئی کمی محسوس نہیں کی جاسکے گی اور نہ ہی سپاہیوں کے معیار زندگی میں کوئی کمی آنے دیں گے۔ انہوںنے کہا کہ تنخواہوں میں اضافہ قبول نہ کرنے کا فیصلہ بھی صرف افسروں کے لئے ہے اور عام سپاہی پر یہ فیصلہ لاگو نہیں ہوگا۔
جنرل باجوہ نے کہا کہ اس فیصلہ کے اثرات جہاں جہاں بھی ظاہر ہوں گے ان کو اپنے بہتر حسن انتظام سے پورا کریں گے۔
وی این ایس اسلام آباد