حکومت کیساتھ میثاق معیشت کرنے کو تیار ہیں :اپوزیشن لیڈر شہبازشریف

185

 

اسلام آباد ،  19 جون (اے پی پی): قومی اسمبلی میں لیڈر آف دی اپوزیشن  شہباز شریف نے  کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں  حکومت کے ساتھ میثاق معیشت کرنے کو تیار ہیں جس پر اسپیکر  قومی اسمبلی  اسد قیصر نے کہا کہ ابھی بھی وقت نہیں گزرا آپ میثاق معیشت کی بات کریں میں اس حوالے سے  اپنا کردار ادا کروں گا۔

قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اس وقت ملک کو بہت سے معاشی چیلنجز کا سامنا ہے۔ جس کا مقابلہ سب کو مل کر کرنا ہوگا اور اپوزیشن حکومت کے ساتھ میثاق معیشت کرنے کو تیار ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2013 میں  جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت منتخب ہوئی تو پہلا چیلنج بجلی کی لوڈشیڈنگ تھی ۔ پہلے بیس بیس گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی مگر ہم نے اپنے دور حکومت میں گیارہ ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی۔

اجلاس کے دوران اپوزیشن کی دونوں بڑی جماعتوں کی جانب سے ایک مرتبہ پھر گرفتار اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ آصف زرداری، خواجہ سعد رفیق، محسن داوڑ اور علی وزیر ہزاروں ووٹ لے کر اسمبلی میں آئے اور بجٹ کے انتہائی اہم سیشن میں انہیں اپنے علاقوں کی نمائندگی کرنی چاہیے۔

 اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے، بجٹ سیشن اہم ہے اور ایک ہفتے سے چل رہا ہے لیکن  تاحال اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں کیے  گئے۔

قومی اسمبلی اجلاس میں  مصر کے  سابق صدر  محمد مرسی اور  سابق امیر جماعت اسلامی پنجاب  وسیم اختر کے لئے دعائے مغفرت  بھی کی گئی۔

وی این ایس اسلام آباد