آئی ایم ایف ، پیپلزپارٹی اور ن لیگ کی غلط پالیسیوں کو ملکی معیشت کی تباہی کا سبب قرار دے چکی: ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

258

اسلام آباد، 11جولائی(اے پی پی ):وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جمہوریت میں ادارے مضبوط اور افراد ان کے تابع ہوتے ہیں۔ اقتدار کے بھوکوں نے اداروں کو کمزور کرکے انہیں اپنے تابع کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے ادارہ جاتی اصلاحات کو اہم ترجیح قرار دیا۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے  کہا ہے کہ بدقسمتی سے ریاستی اداروں کو جان بوجھ کر تباہ کیا گیا۔ آئی ایم ایف نے پیپلزپارٹی اور ن لیگ کو بری کارکردگی کا ذمہ دار قرار دیا۔

ان کاکہناتھاکہ آئی ایم ایف نے اس حوالے سے باقاعدہ اخباری بیان جاری کیا۔آئی ایم ایف کے مطابق سابقہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت خراب ہوئی جبکہ  آئی ایم ایف نے عمران خان کے بیانیے کی تصدیق کی۔

معاون خصوصی  نے کہا کہ پارلیمنٹ کا ایوان بالا سینیٹ وفاق کی علامت ہے۔ اپوزیشن نے وفاق کی علامت کو سیاسی اکھاڑا بنایا ہوا ہے۔ اپوزیشن سینیٹ کو آزاد اور خود مختار نہیں دیکھنا چاہتی۔ پہلے چیئرمین سینیٹ کو خود منتخب کیا،اب انہی کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی گئی۔ عوام پوچھ رہی ہے کہ  اپنا ہی منتخب کردہ چیئرمین سینیٹ ان کو قابل قبول کیوں نہیں؟

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ایسا نظر آتا ہے کہ شاید چیئرمین سینیٹ نے “ظل سبحانی” کی خواہشات کو تسلیم نہیں کیا۔ حکومت وفاق اور ریاست کے ادارے کیساتھ کھڑی نظر آئیگی،انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے آئینی اداروں کو مضبوط اور خود مختار بنائیں گے۔ اپوزیشن کبھی ریاستی اداروں اور کبھی عدالتوں پر لشکر کشی کرتی ہے۔ سیاست کے بعض بارہویں کھلاڑی  پارلیمنٹ کو اپنی مرضی کے تابع کرنا چاہتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ سے پاکستانی پاسپورٹ کی عزت و توقیر بڑھے گی۔وائٹ ہاؤس کے خیر مقدمی بیان سے سیاسی پنڈتوں کی قیاس آرائیاں دم توڑ گئیں۔ امریکی حکومت کی دورے کی تصدیق سے اپوزیشن کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی۔پہلی بار پاکستانی وزیراعظم کاامن پسند ملک کے سربراہ کے طور پر خیر مقدم کیا جارہا ہے۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان خطے اور عالمی برادری میں اہمیت اختیار کرگیا ہے ۔

سورس: وی این ایس، اسلام آباد