اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں: سید فخر امام

0
112

اسلام آباد ، 17 جولائی (اے پی پی):پارلیمانی خصوصی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے کہا ہے کہ جموں کشمیر کا تنازعہ پاکستان کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کی حکومت اور پارلیمنٹ کا موقف ہے کہ کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔

 بدھ کو انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز (آئی پی ایس) میں مقبوضہ کشمیر میں تشدد کے موقع پر منعقدہ گول میز مباحثہ کی صدارت کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہاکر دی ہے۔ نہتے عوام اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی کشمیر کمیٹی کا مقصد ہی کشمیریوں کی آواز دنیا تک پہنچانے کے لئے موثر پلیٹ فارم مہیاکرنا ہے۔ انہوں نے  مزید  کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہئے۔

اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی کو نہیں دبا سکتے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ حق خودارادیت دینا ہوگا۔

سید فخر امام  نے کہا  کہ پاکستان کی عوام اور حکومت کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی ۔

 وی این ایس، اسلام آباد