تارکین وطن پاکستانی ملکی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتے ہیں: اسپیکر قومی اسمبلی

0
405

مانچسٹر ، 7 جولائی( اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ کسی بھی ملک کی معاشی اور اقتصادی ترقی کے لیے تارکین وطن کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت مشکل دور سے گزر رہاہے ملک کو درپیش چیلنجز سے نکلنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے اور اب ہمارے ملک کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس  گھڑی میں ہم سب کو مل کر ملک کو بحرانوں سے نکالنا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت معاشی چیلینج سے نمٹنے کے لیے پوری کوشش کر رہی ہے۔اسپیکر نے سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دیں تاکہ  غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو سکے۔

اسد قیصر نے کہاکہ ملکی ترقی کو صحیح سمت پر گامزن کرنے کے لیے ہمیں بیرون ملک پاکستانیوں کے تجربے سے بھرپور استفاد حاصل کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں کمزور طبقات کی بحالی اور بے روزگاری و غربت کے خاتمے کے تعلیم سمیت دیگر شعبوں ترجیحی بنیادوں پر خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر برطانیہ میں منعقد ہونے والے بین الپارلیمانی ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچز بھی دیکھیں گے۔

سورس: وی این ایس، مانچسٹر